تمام جماعتیں ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کریں پیپلز پارٹی

کچھ کوتاہیاں ہماری شکست کا سبب ہوسکتی ہیں، رضا ربانی، میڈیا سے نثار کھوڑو، شرجیل کی بات چیت


Staff Reporter May 19, 2013
کراچی: اویس مظفر کی جانب سے پارٹی رہنمائوں کے اعزاز میں ظہرانے سے قائم علی شاہ خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہاہے کہ 2013 کے انتخابات کے نتائج 1997جیسے ہیں ۔

انتخابی نتائج پر تحفظات کے باوجود قبول کیا ہے۔ تمام جماعتیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں ۔ دھرنا اور احتجاج مسائل کا حل نہیں ۔ وہ ہفتے کو مقامی ہوٹل میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور نومنتخب رکن سندھ اسمبلی اویس مظفرکی جانب سے پیپلز پارٹی کے نو منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ظہرانے میں سینیٹر میاں رضا ربانی ، سید نوید قمر ، اسپیکرسندھ اسمبلی نثار کھوڑو ، شرجیل انعام میمن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ظہرانے میں پیپلزپارٹی کے سندھ سے قومی اسمبلی کے 31 اور سندھ اسمبلی کے 68 نو منتخب اراکین نے شرکت کی۔



میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں قائم علی شاہ نے کہا کہ جس طرح ہم نے ن لیگ کے مینڈیٹ کو قبول کیا ہے اسی طرح نواز شریف کو چاہیے کہ وہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کو قبول کریں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت بنائے گی۔ حکومت سازی میں ایم کیو ایم کو بھی شامل کریں گے ۔ ہارنے والے یہی کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ احتجاج اور شور مچانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ نومنتخب رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر نے کہا کہ ٹھٹھہ کی 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر دھاندلی کرکے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ہرایا گیا۔ اس حوالے سے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی اور حکومت سازی کے حوالے سے فیصلے پارٹی کی قیادت کرے گی۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ہم سے کچھ کوتاہیاں بھی ہوئی ہوں گی اور یہ کوتاہیاں ہماری شکست کا سبب بھی ہوسکتی ہیں ہار جیت ہوتی رہتی ہے آئندہ ہم اپنی غلطیوں کا ازالہ کریں گے۔ نو منتخب رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ میں واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے ، حکومت سازی کے حوالے سے فیصلے جلدکرلیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |