گرمی میں بالوں کی حفاظت

بالوں کے حوالے سے ایک مسٔلہ یہ بھی ہوتا ہے کہ کچھ خواتین کے بال نہیں بڑھتے۔


حسن آراء August 13, 2018
کچھ خواتین کے بال چکنے ہوتے ہیں جو چہرے کی دل کشی چھین لیتے ہیں اور ان کے لیے وبال جان بن جاتے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

موسم گرما میں جہاں دیگر جلدی مسائل کا سامنا ہوتا ہے، وہیں خواتین کے بال بھی موسمی اثرات سے محفوظ نہیں رہتے۔

موسم گرما میں جہاں بیرونی ماحول کے درجۂ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے، وہیں انسانی جسم کے درجۂ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ موسم گرما اور سرما میں انسانی جسم کے درجۂ حرارت میں بھی فرق پڑتا ہے۔

موسم گرما میں سر کی جلد میں موجود خلیے تیل خارج کرنے کے عمل میں بھی اضافہ کرتے ہیں، بلکہ خواتین کے سر کے بال جھڑنے کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت حال میں تیل کا استعمال نہ کریں، کیوں کہ اس سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے بیسن اور لیموں کے رس کو مکس کرکے لگانے سے بال جھڑنا بند ہو جاتے ہیں۔

بالوں کے حوالے سے ایک مسٔلہ یہ بھی ہوتا ہے کہ کچھ خواتین کے بال نہیں بڑھتے۔ بالوں کو بڑھانا بہت مشکل کام ہے۔ اس کے لیے بھی مکمل احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے اور اپنے بالوں کی قسم کے مطابق شیمپو استعمال کرنے کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔

کچھ خواتین کے بال چکنے ہوتے ہیں جو چہرے کی دل کشی چھین لیتے ہیں اور ان کے لیے وبال جان بن جاتے ہیں۔ اگر آپ کے بال چکنے ہیں تو بغیر تحقیق کسی کے بھی کہنے پر کوئی شیمپو استعمال نہ کریں، بلکہ اس مسٔلے سے نجات پانے کے لیے اس کا مکمل علاج کروائیں۔

مختلف تقریبات میں شرکت کے لیے اپنے بالوں میں دل کشی پیدا کرنے کے لیے کسی اچھی کمپنی کے سنہری پائوڈر اپنے بالوں پر چھڑکیں اور برانڈڈ برش کو کسی ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر اس برش کی مدد سے بالوں میں لگائیے۔ یہ برش اس وقت تک اپنے بالوں میں پھیریں جب تک پائوڈر بالوں میں اچھی طرح مکس نہ ہوجائے۔ اس سے آپ کے بال دل کش اور سنہری ہو جائیں گے۔ ان کا ڈھیلا پن ختم ہو جائے گا اور یہ الجھیں گے بھی نہیں۔

بالوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ کچھ احتیاطی ہدایات پر عمل کیا جائے۔

ٍاگر آپ کے بال بے جان اور خشک ہیں تو ضروری ہے کہ آپ کنڈیشنر کا استعمال کریں، تا کہ آپ کے بالوں میں چمک اور نرمی پیدا ہو جائے۔

خشک بالوں میں کنگھا کرنے سے بال الجھ کر ٹوٹتے ہیں، ایسے میں آپ کو چاہیے کہ کنگھے پر ہیئر اسپرے کرکے کنگھا کریں، تاکہ آپ کے بال ٹوٹنے سے بچ جائیں۔ بالوں میں کم از کم ہفتے میں دو مرتبہ ناریل یا زیتون کے تیل سے مالش کریں۔

ٹوٹے ہوئے دندانوں والی کنگھی استعمال نہ کریں، کیوں کہ اس سے بال زیادہ ٹوٹیں گے۔ سر دھونے کے لیے ٹھنڈا پانی استعمال کریںالبتہ سردی کے موسم میں ہلکے گرم پانی سے سر دھوئیں۔ تیز گرم پانی سے سر نہ دھوئیں۔ اس سے سر میں خشکی پیدا ہوجاتی ہے اور بالوں کی جڑیں کمزور ہو جاتی ہیں۔

خوش رہنے کی کوشش کریں، کیوں کہ خوش رہنے اور بالوں کی تن درستی میں گہرا تعلق ہے۔ چڑ چڑے پن سے سر کی شریانوں تک خون کی روانی میں با قاعدگی نہ ہونے سے بالوں پر اثر پڑتا ہے کیوں کہ ہیجانی کیفیت میں شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور بالوں کی جڑوں کو تقویت پہنچنا بند ہو جاتی ہے۔

دماغی پریشانیوں کے وقت آپ دس منٹ بالوں میں کنگھی کریں، یہ بالوں کے لیے فائدے مند ہے۔ بالوں کو صحت مند بنانے کے لیے لیموں کا عرق بہتریں ہے۔ چائے کے چھنے ہوئے پانی میںکچھ لیموں کا عرق ملا لیجیے۔

بالوں میں شیمپو کے بعد آخر میں اسی شیمپو سے بال دھولیں اس سے بالوں میں چمک پیدا ہو گی۔ رات کو سوتے وقت اگر بالوں میں ناریل یا سرسوں کا تیل لگایا جائے اور صبح بال دھو لیں تو بال گرنا بند ہو جائیں گے۔ سر میں خشکی کے لیے لیموں کا رس بیس گرام اور کچا دودھ پچاس گرام مکس کر کے بالوں میں لگائیں تو خشکی سے نجات مل جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔