گیلے موائسچرائزر کے فائدے

گردوغبار سے بچنے کے لیے ان کا استعمال ضروری ہے۔

گردوغبار سے بچنے کے لیے ان کا استعمال ضروری ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

موسم سے ہمارے چہرے کی جلد کا کوئی تعلق نہیں۔ چہرے کی جلد ہر موسم میں ہی مرجھائی رہتی ہے۔آج کل کی مصروف زندگی میں خواتین کے پاس اپنے لیے وقت نکالنا بہت مشکل ہو گیا ہے ۔گھریلو خواتین ہوں یا باہر جا کر کام کرنے والی خواتین ، انہیں اس بات کی فکر نہیں کہ چہرے کی جلد کو موائسچرائزر کی کتنی ضرورت ہے۔

دھول، مٹی، گرد و غبار، دھواں یہ سب خواتین کے چہرے کی جلد کے لیے بہت حد تک نقصان دہ ہے ۔ ایک وقت میں آپ کو اس بات کا احساس نہیں ہوتا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ جب عمر بڑھتی جاتی ہے تو آپ کی جلد مزید مرجھا جاتی ہے اور آپ وقت سے پہلے ہی اپنی عمر سے بڑی دکھائی دینے لگتی ہیں ۔آپ کی روز مرہ زندگی میں موائسچرائزر کی کتنی اہمیت ہے اور اس سے آپ کا چہرہ کس حد تک چمک اٹھے گا، یہ ہم آپ کو بتاتے ہیں ۔

مارکیٹ میں ہر طرح کے موائسچرائزرز دست یاب ہوتے ہیں، لیکن خواتین اب یہ جان کر اور زیادہ خوش ہوں گی کہ بازاروں میں اب گیلے موائسچرائزرز بھی بہ آسانی مل سکتے ہیں جو آپ کے چہرے کی جلد کے لیے بہت مفید اور کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ گیلے موائسچرائزر کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کے استعمال میں زیادہ وقت درکار نہیں ہوتا۔ آپ منہ دھوئیں ، چہرہ صاف کریں اور گیلے موائسچرائزر کو اپنے ہاتھوں میں لے کے چہرے کا مساج کریں ۔


اس کا دوسر ا فائدہ یہ ہے کہ جب آپ اس کو اپنے چہرے پہ لگائیں گی تو اسی وقت آپ کو اس کا اثر محسوس نہیں ہو گا، لیکن جب آپ اس کو صاف کریں گی تو آپ کا چہرہ پورے دن نرم و ملائم رہے گا۔ گیلے موائسچرائزر کو آپ اپنے ہاتھوں اور پیروں کے لیے استعمال کرسکتی ہیں۔ شاور لینے کے دوران بھی آپ اس موائسچرائزر کو لگاسکتی ہیں، لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ شاور کے دوران استعمال کرتے وقت فرش کو ساتھ ساتھ صاف کرتی رہیں، تاکہ کہیں آپ اس کے جھاگ سے پھسل کر گر نہ جائیں۔

گیلا اسکن موائسچرائزر نہ صرف لگانے میں نرم ہے، بلکہ اس کو اتارنا بھی اتنا ہی آسان ہے۔ اس موائسچرائزر کے استعمال سے آپ کی اسکن نہ تو خراب ہونے کا خدشہ ہے اور نہ ہی اس سے آپ کو چہرے پر جلن محسوس ہو گی۔ اس کوآپ کہیں بھی بہ آسانی لے جاسکتی ہیں۔ چاہے آپ آفس جائیں یا شاپنگ کرنے، اسے آپ اپنے بیگ میں ہر وقت رکھ سکتی ہیں ۔آپ کو اس بات کی فکر کرنے کی بھی ضرورت نہیں کہ بیگ میں رکھے رکھے موائسچرائزر خراب نہ ہو جائے۔

موائسچرائزرکے استعمال کو آپ اپنی روز مرہ کی زندگی میں ضرور شامل کریں ۔ اس کو ہر عمر کی لڑکی بے فکری سے استعمال کرسکتی ہے، چاہے وہ اسکول میں جانے والی بچی ہو یا کالج میں پڑھنے والی لڑکی۔ یہ ہر کسی کی اسکن کے لیے مفید ہے۔
Load Next Story