شہر میں چھٹی کے روز بھی فائرنگ اور پُر تشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی، ہنگو گوٹھ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق مقتولین میں چالیس سالہ صالح محمد، ارشد حسین اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے، فائرنگ کے باعث علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا۔
منگھوپیر کے علاقے مائی گاڑی کے قریب پولیس چوکی کے عقب سے پولیس کو 2 افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملیں، ایس ایچ او منگھو پیر کے مطابق مقتولین کو ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر اور سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے چالیس سالہ نسیم الرحمان کو قتل کر دیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔ اس کے علاوہ شہر میں مختلف ڈکیتی و رہزنی کی 25 وارداتوں میں ملزمان نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔