اس بار جشن آزادی سب سے زیادہ جوش و خروش سے منائیں گے عمران خان

وزیراعلیٰ پنجاب کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا، نامزد وزیراعظم


ویب ڈیسک August 13, 2018
وزیراعلیٰ پنجاب کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا، نامزد وزیراعظم فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس مرتبہ جشن آزادی سب سے زیادہ جوش و خروش سے منائیں گے۔

وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمران خان نے 15 ویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت کی اور رکنیت کا حلف اٹھالیا۔ اجلاس میں شرکت کے بعد عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس سے اپنے گھر بنی گالا روانہ ہوئے۔ اس موقع پر صحافیوں نے عمران خان سے سوالات پوچھنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے 14 اگست کو یوم آزادی کی بجائے جدوجہد آزادی منانے کا اعلان کیا ہے، اس بارے میں آپ کیا کہیں گے تو عمران خان نے جواب دیا کہ اس مرتبہ جشن آزادی سب سے زیادہ جوش و خروش سے منائیں گے۔ وزارت اعلیٰ پنجاب کے امیدوار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان والی بات ہم کہتے تو را ایجنٹ کی مہر لگ جاتی، فاروق ستار

وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ مشکل ہونے کے سوال پر عمران خان نے جواب نہیں دیا اور صرف مسکرا کر گاڑی میں بیٹھ گئے۔ صحافی نے چیرمین پی ٹی آئی سے پوچھا کہ آج قومی اسمبلی میں کئی پرانے چہرے نہیں تھے آپ نے انہیں مس تو نہیں کیا، تو عمران خان نے جواب دینے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ بدھ 8 اگست کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن کا احتجاجی مظاہرہ ہوا تھا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پاک فوج پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 14 اگست کو ہم یوم آزادی مناتے ہیں، لیکن اس بار 14 اگست یوم آزادی کے طور پر نہیں بلکہ جدوجہد آزادی کے طور پر مناسکتے ہیں، 14 اگست سے ازسرنو عوام کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کی جہدوجہد کا آغاز کیا جائے گا، ہم ملک میں کچھ طاقتوں کو اپنا حاکم تسلیم نہیں کرتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں