تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلیے قاسم سوری کو امیدوار نامزد کردیا

اپوزیشن نے اسپیکر کےلیے خورشید شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ایم ایم اے کے اسد محمود کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں


ویب ڈیسک August 13, 2018
اپوزیشن نے قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متفقہ طور پر امیدوار سامنے لانے پر اتفاق کیا تھا فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان سے منتخب ہونے والے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا مرحلہ شروع ہوگیا اوراس سلسلے میں تحریک انصاف کے اسد قیصر نے اسپیکر کے لیئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی کو احسن انداز سے چلائیں گے، اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا ہے، ان کا تعلق بلوچستان سے ہے، اور یہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن ہیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ عمران خان نے مجھے ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا، ایوان کو احسن اندازمیں چلائیں گے، اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے اور بلوچستان کی نمائندگی سے بلوچستان کا احساس محرومی دورہوگا۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) کےمولانا عبدالواسع اور پیپلزپارٹی کی نازبلوچ نے خورشید شاہ کے لیے اسپیکر جب کہ ایم ایم اے کے مولانا اسد محمود کے کاغذات نامزدگی ڈپٹی اسپیکر کے لیے وصول کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے تحریک انصاف کے مقابلے میں چند روز پیشتر قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متفقہ طور پر امیدوار سامنے لانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے تحت قائد ایوان کا امیدوار مسلم لیگ (ن)، اسپیکر کا پیپلز پارٹی جب کہ ڈپٹی اسپیکر کا تعلق ایم ایم اے سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں