عام انتخابات کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی

پہلے روز328پوائنٹس،دوسرے روز 229 اور تیسرے روز92پوائنٹس کا اضافہ ہوا


Business Reporter May 19, 2013
چوتھے روز 150پوائنٹس کمی، آخری روز 120پوائنٹس کی تیزی نے نفسیاتی حد بحال کردی۔ فوٹو: فائل

ملک میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد اور اس میں ایک جماعت کی واضح اکثریت کے کراچی اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوئے اور گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای100انڈیکس چھ نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے621پوائنٹس اضافے کے بعد20537کی سطح پر بند ہوا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے کا آغاز ہی328پوائنٹس کی زبردست تیزی سے ہواجبکہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 229 اور تیسرے روز92پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ چوتھے روز 150پوائنٹس کمی کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز 120پوائنٹس کی تیزی نے انڈیکس کی 20500کی نفسیاتی حد بحال کردی،مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کی بھی چاندی رہی اور مارکیٹ سرمائے کے حجم میں99کھرب78کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے بعد مارکیٹ کے مجموعی سرمائے کا حجم48کھرب89ارب روپے سے بڑھ کر 49کھرب89ارب روپے کی سطح پر رہا جبکہ کاروباری حجم میں15کروڑ41لاکھ سے زائد حصص کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مارکیٹ کا کاروباری حجم 21 کروڑ 81 لاکھ کی سطح سے بڑھ کر37کروڑ23لاکھ سے زائد حصص پر مشتمل رہا۔



مارکیٹ ذرائع کے مطابق انتخابات میں ایک واضح جماعت کی اکثریت اور اقتدار کی پر امن منتقلی کی توقعات پر سرمایہ کاروں میں اعتماد پایا جاتا ہے جبکہ آئل اینڈ گیس سیکٹر، سیمنٹ اور فرٹیلائزر میں انسٹی ٹیوشنز سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری کی وجہ سے بھی انڈیکس میں ریکارڈ تیزی دیکھی گئی،رفحان میعظ،اندس ڈائنگ، صنوفی ایوانٹس اور شیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ باٹا،وائیتھ پاک اور کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی،کے ایس ای30انڈیکس میں 484 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد 30 انڈیکس 15921کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس310پوائنٹس اضافے کے بعد 14467 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں