ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

صبح  8 بج کر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئی


ویب ڈیسک August 14, 2018
جشن آزادی منانے کے لیے پوری قوم یکجا رہی، تعلیمی اداروں میں تقاریب منعقد ہوئیں (فوٹو:رائٹرز)

ملک بھر میں 71 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا صدر اور وزیراعظم نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں 71 واں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر سے ہوا جس میں ملکی ترقی واستحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صبح 8 بج کر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور قوم نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین، نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، غیر ملکی سفراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔



اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان ان تصورات کی مجسم تصویر ہے جس کی آغوش میں ہم ہر لمحہ آزادی کا لطف اٹھاتے ہیں، یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم مزید بلند کرنے کی لگن بڑھ جاتی ہے۔ آج حقیقی جشن کا دن ہے اور میں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے۔ یہ دن یاد دہانی ہے پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے۔ پاکستان کے نمائندے وہی ہوسکتے ہیں جنہیں ووٹرز سند نمائندگی دیں، دعا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو آسانیاں عطا ہوں۔



قبل ازیں کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈوروقار محمد تھے۔ دوسری جانب لاہور میں بھی مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔



دریں اثنا جشن آزادی منانے کے لیے تعلیمی اداروں میں تقاریب منعقد ہوئیں جن میں ٹیبلوز، ملی نغمے پیش کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |