مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے آئی پی ایل کو ’’تماشہ ‘‘ قرار دیدیا

ایونٹ پر پابندی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں ہوگی ‘شیوراج سنگھ چوہان.


Sports Desk May 20, 2013
ایونٹ پر پابندی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں ہوگی ‘شیوراج سنگھ چوہان۔ فوٹو: فائل

انڈین پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد اب کئی سیاسی رہنماؤں کی طرح مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اس 'تماشے' کو بند کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ایک تازہ بیان میں شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ آئی پی ایل کھیل نہیں بلکہ ایک تماشہ ہے اور اب اس پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا داغ بھی لگ گیا ہے۔ انکے بقول آئی پی ایل پر پابندی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں ہوگا۔ اْن سے قبل بھارتی سیاسی جماعت جنتا دل نے بھی کہا تھا کہ آئی پی ایل کا ہر ایک سیزن اسکینڈل سے بھرا ہوتا ہے، اس پارٹی کے رہنما شرد یادیو کے بقول، ''انسان یعنی کھلاڑیوں کا نیلام کیا جاتا ہے، آئی پی ایل کا شروع سے ہی مقصد محض پیسہ کمانا تھا، کھیل کا فروغ نہیں۔''آئی پی ایل کے رواں سیزن میں 3 کھلاڑیوں، جن میں بھارتی فاسٹ باؤلر شری شانتھ بھی شامل ہیں پرا سپاٹ فکسنگ کا الزام لگا ہے۔



اس معاملے کی تازہ پیشرفت یہ ہے کہ ممبئی پولیس کے کرائم برانچ نے مزید تفتیش کیلیے شری شانتھ کو تحویل میں رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔جوائنٹ کمشنر ہمانشو رائے نے گزشتہ روز کہا کہ بدھ کو ممبئی میں سری سانتھ کی گرفتاری کے بعد اس کے کمرے سے قبضے میں لیے گئے کمپیوٹر، موبائل فون اور آئی پیڈ وغیرہ کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ کرائم برانچ نے راجستھان رائلز کے دو کھلاڑیوں اور تین سٹہ بازوں کو بھی حراست میں لے رکھا ہے۔ ہمانشو رائے کے بقول پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتی ہے۔ پولیس کے مطابق 13 مئی کو شری شانتھ ہوٹل کے کمرے میں منتقل ہوئے اور اس کے بعد ان سے ملنے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں