اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر پاکستان کی ورلڈ اسکواش ایونٹ میں شرکت کو خطرہ

فرانس میں شیڈول چیمپئن شپ کےلیےپلیئرزکےنام بھیجنےکی آج ڈیڈلائن،ٹرائلزکےبجائےقومی رینکنگ کی بنیاد پرفیصلہ متوقع.

فرانس میں شیڈول چیمپئن شپ کے لیے پلیئرز کے نام بھیجنے کی آج ڈیڈلائن ، موجودہ حالات میںٹرائلز کے بجائے قومی رینکنگ کی بنیاد پرفیصلہ متوقع. فوٹو: فائل

اسکواڈ کے اعلان میں غیر معمولی تاخیر کے سبب پاکستان کی ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت مشکوک ہوگئی، ڈبلیو ایس ایف نے فرانس میں شیڈول ایونٹ کیلیے کھلاڑیوں کے نام پیر کو ہی بھجوانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن نے حتمی ٹیم کا اعلان قدرے تاخیر سے کرنے کیلیے کھیل کی عالمی باڈی سے 18مئی تک کی مہلت طلب کی تھی،دوسری طرف کھلاڑیوں اور پی ایس ایف میں محاذ آرائی کے سبب مقررہ وقت میں ٹرائلز کا انعقاد ہی ممکن نہ ہوسکا، ذرائع کے مطابق سینئر پلیئرز عامر اطلس اور فرحان محبوب کا موقف تھا کہ مہارت اور تجربہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں ٹرائلز سے مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہیے، ٹیم سلیکشن کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ڈبلیو ایس ایف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے نام بھجوانے کی ڈیڈ لائن دیدی ہے، ایک آفیشل کے مطابق اسکواش کی عالمی باڈی نے پی ایس ایف سے استفسار کیا ہے کہ فوری طور پر واضح کریں.




پاکستان ایونٹ میں شرکت کرنا بھی چاہتا ہے یا نہیں، انھوں نے مزید بتایا کہ ڈبلیو ایس ایف نے ٹیم کے اعلان کیلیے مہلت ملنے کے باوجود کھلاڑیوں کے نام نہ بجھوائے جانے پر خاصی ناراضی کا اظہار کیا ہے، پی ایس ایف نے فیصلہ کرنے میں مزید تاخیر کی تو پاکستان مقابلوں میں شرکت سے محروم رہ جائے گا، انھوں نے کہا کہ ٹرائلز کے حوالے سے پیدا ہونے والا تنازع اچھی بات نہیں لیکن اگر ایک معمولی سے معاملہ کی وجہ سے ٹیم فرانس روانہ نہ ہوسکی تو صورتحال پاکستان اسکواش کیلیے مزید تشویشناک ہوگی۔

ایک کھلاڑی نے کہا کہ مسئلے کا جلد ہی کوئی مناسب حل تلاش کرنا ہوگا ورنہ ہمیں ایک اہم عالمی ٹورنامنٹ کھیلنے سے محرومی کا صدمہ برداشت کرنا پڑے گا اور متنازع صورتحال ملک کی بدنامی کا باعث بنے گی۔ ذرائع کے مطابق موجودہ حالات میں پاکستان کو ٹرائلز کے بجائے قومی رینکنگ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے، موجودہ درجہ بندی کے پیش نظر عامر اطلس، فرحان محبوب، ناصر اقبال کے ساتھ دانش اطلس اور فرحان زمان میں سے کسی ایک کو ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔
Load Next Story