روم ٹینس رافیل نڈال 7 ویں مرتبہ چیمپئن بن گئے

اسپینش اسٹار نے فائنل میں راجرفیڈرر کو مات دی، ویمنز ٹرافی پر سرینا ولیمز کا قبضہ، وکٹوریا آذرنیکا سے بدلہ لے لیا.


Sports Desk/AFP May 20, 2013
اسپینش پلیئر رافیل نڈال روم ٹینس کی وننگ ٹرافی تھامے ہوئے،انھوںنے 7ویں بار ٹائٹل جیتا۔ فوٹو: اے ایف پی

اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے گذشتہ 9 برسوں میں ساتویں مرتبہ روم چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

فائنل میں سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو شکست ہوگئی، نڈال کو فیڈرر کیخلاف باہمی 30 مقابلوںمیں 20-10 کی واضح سبقت ملی ہوئی ہے، رواں سیزن میں یہ نڈال کی چھٹی ٹرافی فتح ہے، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز نے میدان مارلیا، بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا بھی ٹرافی اوران کے درمیان حائل نہیں ہوسکیں، رواں برس دوحا ایونٹ کے فائنل میں آذرنیکا نے سرینا کو ہرایا تھا لیکن اس کامیابی کی بدولت انھوں نے اس فائنل شکست کا بدلہ لے لیا، ویمنز ڈبلز ٹائٹلز چینی پلیئر پینگ شوئی اور چائنیز تائپے کی ہائش سووائی کے نام رہا، مینز ڈبلز میں ٹاپ سیڈ امریکا کے برائن برادرز باب اور مائیک نے کامیابی حاصل کی، فائنل میں بھارتی جوڑی روہن بوپنا اور مہیش بھوپاتی ناکام ہوگئے۔



تفصیلات کے مطابق مینز سنگلز فائنل میں رافیل نڈال نے راجرفیڈرر کو 6-1،6-3 سے مات دیکر گذشتہ برس میں ساتویں مرتبہ روم ماسٹرز کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، دفاعی چیمپئن نڈال نے روایتی حریف فیڈرر سے باہمی مقابلوںمیں 20-10 کی واضح سبقت لے لی، اس میں 13 فتوحات انھوں نے اپنے فیورٹ کلے کورٹ پر حاصل کی ہیں، سیزن میں اب تک نڈال آٹھ فائنلز کھیلتے ہوئے چھ ٹرافیاں اپنے نام جوڑ چکے ہیں،نڈال اور فیڈرر کسی بھی ایونٹ کے فائنل میں 2011 کے بعد مدمقابل آئے، تین برس قبل فرنچ اوپن کے فائنل میں نڈال نے فیڈرر کو زیر کیا تھا،اس سے قبل راجرفیڈرر نے سیمی فائنل میں فرنچ پلیئر بینوئٹ پائر کی پیشقدمی 7-6(7/5)،6-4 سے ختم کی، اگرچہ پائر نے مارسیل گرینولرز اور جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو جیسے کہنہ مشق پلیئرز کوٹھکانے لگاتے ہوئے فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔

ویمنز سنگلز میں ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز نے روم ماسٹرز ٹینس ٹرافی جیت لی، انھوں نے فائنل میں بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1،6-3 سے مات دے دی، سرینا نے یکطرفہ رہنے والے پہلے سیٹ میں تین مرتبہ حریف کی سروس بریک کی،تاہم آسٹریلین چیمپئن نے دوسرے سیٹ میں کچھ مزاحمت پیش کی، اس فتح کے ساتھ سیزن میں سرینا کی لگاتار جیت کا سلسلہ 24 میچز تک دراز ہوگیا، یہ ان کے کیریئر کی 51ویں سنگلز ٹرافی بنی۔ اس کے علاوہ ویمنز ڈبلز ٹرافی چین کی پینگ شوئی اور چائنیز تائپے پلیئر ہائش سو وائی کے نام رہی، انھوں نے فائنل میں اطالوی جوڑی سارا ایرانی اور روبریٹا ونسی کو 4-6،6-3 اور 10-8 سے شکست دی۔مینز ڈبلز فائنل میں ٹاپ سیڈ امریکی برائن برادرز باب اور مائیک نے بھارتی حریفوں مہیش بھوپاتی اور روہن بوپنا کو 6-2،6-3 سے ہرادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں