اساتذہ کی غیر حاضری طلبا نے سرکاری اسکولوں کا رخ کرنا چھوڑ دیا

بیشتر اسکولوں میں چند فیصد طلبا تدریسی عمل میں شریک، عبدالوہاب عباسی کے سرکاری اسکولوں کے دورے کے موقع پر انکشاف.

بیشتر اسکولوں میں چند فیصد طلبا تدریسی عمل میں شریک، عبدالوہاب عباسی کے سرکاری اسکولوں کے دورے کے موقع پر انکشاف. فوٹو: فائل

لاہور:
صوبائی محکمہ تعلیم کی عدم دلچسپی اورسرکاری تعلیمی اداروں کونظرانداز کرنے کی پالیسی کے سبب کراچی کے سرکاری اسکول بدترین صورتحال سے دوچار ہیں اوراسکولوں میں اساتذہ کی مسلسل غیرحاضری کے سبب سرکاری اسکولوں کے طلبہ وطالبات نے بھی اسکولوں کارخ کرنا چھوڑ دیا ہے۔

بیشترسرکاری اسکولوں میں طلبا کے مجموعی انرولمنٹ کا صرف چند فیصد تدریسی عمل میں شریک ہورہے ہیں، اس بات کاانکشاف ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سیکنڈری اینڈ ہائرسیکنڈری (میل) عبدالوہاب عباسی کے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی اور لانڈھی کے سرکاری اسکولوں کے دورے کے موقع پرہوا، عبدالوہاب عباسی کی جانب سے فارابی گورنمنٹ بوائز ہائرسیکنڈری اسکول پی ای سی ایچ ایس کشمیر روڈ کے دورے کے موقع پر12طلبا موجود تھے جبکہ اسکول میں 275 طلبا انرولڈ ہیں، اسکول ہائر سیکنڈری سطح کا ہے تاہم ہائرسیکنڈری میں ایک طالب علم بھی نہیں اور تمام سبجیکٹ اسپیشلسٹ گھروں پرآرام کررہے ہیں، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لانڈھی کے دورے پرمعلوم ہواکہ اسکول میں صرف ہیڈ مسٹریس موجود ہیں۔




اسکول میں چھٹی کا وقت ساڑھے12بجے ہے تاہم تمام اساتذہ حاضری لگا کر جا چکے تھے، اسکول میں اساتذہ تھے اورنہ ہی طلبا موجودتھے، اسکول کے ایک کمرے میں ڈیکسوں کاانبارلگا کر اسے بند کر دیا گیاتھا جبکہ ایک کمرے میں کمپیوٹر رکھ کر تالا ڈال دیا گیا ہے جسے کوئی استعمال کرنیوالا نہیں، مزید براں قائدین گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول (مارننگ) پی ای سی ایچ ایس کے دورے پر بتایا گیا کہ 2 اساتذہ غیر حاضر ہیں جنھیں موقع پرہی شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا،احتشامیہ گورنمنٹ بوائزسیکنڈری اسکول (دوپہر) کارساز جسے ایک این جی اوکے سپرد کیا گیا تھا اسکول کے ایک کمرے میں ہی این جی اوکادفتر بھی قائم ہے۔

اسکول میں72طلبا انرولڈ ہیں جبکہ12موجود تھے، اسکول میں21اساتذہ ہیں جبکہ4ڈیٹیلمنٹ پردیگراسکولوں میں گئے ہوئے تھے اور 4 غیرحاضرتھے، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر2پی ای سی ایچ ایس (دوپہر) کے اسکول کے دورے پر معلوم ہوا کہ اسکول میں112طلبا انرولڈ جبکہ صرف 25 موجود ہیں، اسکول کے5اساتذہ غیرحاضرتھے، ڈسٹرکٹ آفیسرایجوکیشن سیکنڈری اینڈ ہائرسیکنڈری (میل) عبدالوہاب عباسی نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پانچوں اسکولوں میں غیرحاضراساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کرکے آج طلب کیا گیا ہے جبکہ ڈیٹیلمنٹ پر گئے ہوئے اساتذہ کے ڈیٹیلمنٹ منسوخ کردیے گئے ہیں۔
Load Next Story