زرداری اور نوازشریف کی غیر رسمی ملاقات 22 مئی کو ہوگی

چینی وزیراعظم کو دیے جانے والے استقبالیے میں سربراہ ن لیگ اور صدر قومی امور پر گفتگوکرینگے

چینی وزیراعظم کو دیے جانے والے استقبالیے میں سربراہ ن لیگ اور صدر قومی امور پر گفتگوکرینگے فوٹو اے ایف پی

ن لیگ کے صدر اور متوقع وزیر اعظم محمد نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی غیر رسمی ملاقات 22 مئی کو ہوگی۔


نوازشریف نے صدر مملکت کی طرف سے چینی وزیر اعظم کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیے میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ صدر اور متوقع وزیر اعظم کے درمیان عام انتخابات کے بعد پہلی ملاقات اگرچہ غیر رسمی نوعیت کی ہوگی تاہم ن لیگ کے ذرائع کے مطابق بعض اہم قومی امور پر بات چیت بھی ہوگی جس میں یقینی طور پراقتدارکی منتقلی کے امورسرفہرست ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف بعض اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گے اور خاص طور پرقومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین فصیح بخاری کوعہدے سے سبکدوش کرنے پرزوردیں گے۔

ن لیگ نہیں چاہتی کہ فصیح بخاری اس عہدے پرفائز رہیں کیونکہ ان کیخلاف توہین عدالت کاکیس بھی زیر سماعت ہے۔ یاد رہے کہ فصیح بخاری شریف برادران کیخلاف بھی بعض ریفرنسزکی سماعت کررہے ہیں اور چیئرمین نیب کی تبدیلی سے یہ معاملہ سرد خانے کی نذرہو جائے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی کچھ تقرریوں پر تحفظات کا اظہارکر چکے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ صدراور نواز شریف کے درمیان اس ملاقات کے بعد ہی ان کے آئندہ کے تعلقات کا انداز لگایا جاسکے گا کہ اس ملاقات سے برف پگھلتی ہے یا خلیج مزید بڑھ جاتی ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story