کراچی فائرنگ کے واقعات میں 2خواتین سمیت 10 افراد ہلاک

ناردرن بائی پاس،شیرشاہ اورخمیسو گوٹھ نیوکراچی سے 4مغویوں کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں

ناردرن بائی پاس،شیرشاہ اورخمیسو گوٹھ نیوکراچی سے 4مغویوں کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2خواتین سمیت 10 افراد ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔

منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس سے ساکران کی جانب جانے والی سڑک سے 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، ایس ایچ او منگھوپیر اسلم جوئیہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں کی عمریں تقریباً 40 سے 45 برس ہیں، دونوں کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی اور گلے میں پھندا لگا ہوا تھا ، نامعلوم افراد نے تشدد کے بعد انھیں گولیاں ماریں، دونوں افراد شلوار قمیض میں ملبوس تھے، عدم شناخت کے باعث پولیس نے لاشیں ایدھی سرد خانے منتقل کردیں۔ شیرشاہ کے علاقے میراں ناکہ پل پر نامعلوم افراد لاش پھینک کر فرار ہوگئے، ڈی ایس پی شیرشاہ شفقت چانڈیو کے مطابق مقتول کی شناخت کورنگی کے رہائشی 30 سالہ ارشد حسین ولد انور حسین کے نام سے ہوئی، شبہ ہے کہ ملزمان نے اغوا کے بعد شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

مقتول بے روزگار تھا۔ نیو کراچی صنعتی علاقے خمیسو گوٹھ سے بھی ایک 40 سالہ شخص کی لاش ملی، ایس ایچ او قلندر بخش کے مطابق نامعلوم افراد بشیر چوک پر لاش پھینک کر فرار ہوگئے، مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں اسے سر پر بھاری چیز کے وار کرکے قتل کیا گیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ میں فائرنگ سے گھر کے اندر پراسرار طور پر خاتون ہلاک ہوگئی، ایس ایچ او سہراب گوٹھ نعیم خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ 30 سالہ فرزانہ زوجہ نذیر اپنے گھر میں تھی ، اس کے شوہر نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت وہ گھر کے صحن میں تھا کہ کمرے سے اسے فائر کی آواز آئی جب وہ کمرے میں گیا تو فرزانہ ہلاک ہوچکی تھی ، پولیس نے فرزانہ کے شوہر نذیر کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے، لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد اس کے والدین کے حوالے کردی گئی۔


پولیس نے نذیر کا لائسنس یافتہ پستول بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایس میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ نسیم الرحمن ولد سلطان ہلاک ہوگیا، مقتول کو ایک گولی رپیٹر کی سر پر جبکہ کمر پر ٹی ٹی کے 2 فائر لگے، ایس ایچ او نثار لودھی کے مطابق مقتول کافی عرصے قبل ایس بلاک میں رہتا تھا اور ابھی بنارس میں رہائش اختیار کی ہوئی تھی، مقتول ڈرائیور تھا جبکہ اس کا بھائی بھی کچھ عرصے قبل مارا جاچکا ہے ، انھوں نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا، مقتول کا آبائی تعلق پشاور سے تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ سہراب گوٹھ کے علاقے داؤد ریجنسی اپارٹمنٹ میں واقع پنجاب جانے والی بس کے اڈے پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ سجاد حسین شاہ ولد رفیق حسین شاہ ہلاک ہو گیا۔ مقتول ملیر ہالٹ کا رہائشی اور2بچوں کا باپ تھا آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔

گلشن معمار کے علاقے سیکٹر5چھتری مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ حنیف ولد غلام رسول ہلاک ہو گیا۔ متوفی سہراب گوٹھ عبد اﷲ گوٹھ کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا۔ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی بھٹائی آباد سیکٹرDامام بارگاہ والی گلی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ مہوش ولد کامران قریشی ہلاک ہو گئی، پولیس کے مطابق مقتولہ صدر کے علاقے کی رہائشی اور وہ واقعے کے وقت اپنے کسی رشتے دار کے گھر آئی ہوئی تھی وہ اپنے ایک سالہ بچے کو گلی میں ٹہلا رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی ، فائرنگ سے مقتولہ کا بچہ بال بال بچ گیا۔

پیر آباد کے علاقے فرنٹیئر کالونی نمبر3 کے رہائشی 35 سالہ غلام اﷲ ولد نوید اﷲ کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب واقع سیڑھی بابا کے مزار کے سامنے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق مقتول کو ملزمان نے گھر سے بلا کر سر پر 2 گولیاں ماریں، مقتول تعویز گنڈے کرتا تھا۔

منگھو پیر کے علاقے ناردرن بائی پاس پر نامعلوم ملزمان نے آئل سے بھرا ٹینکر روکنے کی کوشش کے دوران ڈرائیور عبد الرحیم ولد عبد الغنی اور اس کے ساتھی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جس کے نتیجے میں ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا اور آئل سڑک پر پھیلنے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز اور فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے میں مصروف تھیں۔ ماری پور کے علاقے نیو ٹرک اڈا گیٹ نمبر6 کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25 سالہ حضرت علی ولد سید کرم زخمی ہو گیا۔ سخی حسن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ منیر ولد یعقوب زخمی ہوگیا۔ نیٹی جیٹی پل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ میر غلام ولد نواب زخمی ہوگیا ۔لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید، سول اور جناح اسپتال پہنچایا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story