تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن نہیں بنے گی شاہ محمود قریشی

اگر ایم کیو ایم تحریک انصاف کے سربراہ کیخلاف قانونی کارروائی کرتی ہے تو جواب دینگے


Staff Reporter May 20, 2013
قومی اسمبلی کی 25 نشستوں پر دھاندلی کی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے. فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وفاق میں اپوزیشن میں بیٹھے گی، تحریک انصاف پارلیمنٹ میں فرینڈلی اپوزیشن کا نہیں بلکہ عوام کی نمائندگی کرنے والی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریگی۔

انتخابات میں دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے، پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے رہیں گے۔ اتوار کو ڈیفنس فیز IV میں تحریک انصاف کے انتخابی کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کرے گی بلکہ قومی اسمبلی میں خارجہ پالیسی سمیت ہر عوامی مسئلے پر اپنی تجاویز دے گی۔ انھوں نے کہا کہ11 مئی کوانتخابات میں دھاندلی کرکے تحریک انصاف کو کئی نشستوں پر ہرایا گیا ہے، قومی اسمبلی کی25 نشستوں پر دھاندلی کی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے، اب الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوتھرپارکر میں قومی اسمبلی کی نشست پر دھاندلی کی شکایات کی ہیں، اس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں یکم جون کو دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔



ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت نے ہمارے قائد عمران خان پر جو الزامات لگائے ہیں وہ غلط ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم تحریک انصاف کے سربراہ کیخلاف کوئی قانونی کارروائی کرتی ہے تو ہم بھی اس کا جواب قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے دینگے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سینیئر رہنما زہرہ شاہد حسین کا قتل انتہائی افسوسناک ہے ، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ این اے250 میں جس طرح ووٹرز کا جوش وخروش دیکھنے میں آیا ہے یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کراچی کے عوام عمران خان کیساتھ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں