ایشین گیمز ہاکی ٹیم کیلیے غیرملکی فزیوتھراپسٹ

ملائیشین زافس آج جکارتہ میں ٹیم جوائن کرینگے،گرین شرٹس اور جاپان کل مد مقابل

ملائیشین زافس آج جکارتہ میں ٹیم جوائن کرینگے،گرین شرٹس اور جاپان کل مد مقابل فوٹو: فائل

ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کو سپر فٹ بنانے کے لیے غیر ملکی فزیوتھراپسٹ کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے فزیو زافس بن طالب آج جکارتہ میں گرین شرٹس کو جوائن کریں گے، ایشیائی ایونٹ سے قبل پاکستانی ٹیم 16اگست کو جاپان کے خلاف پریکٹس میچ سے آغاز کریگی جبکہ اومان کے خلاف دوسرا مقابلہ 18اگست کو شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھی ابتدا میں فزیکل ٹریننگ کرنے کے بعد گراؤنڈ میں جا کر بھرپور ٹریننگ کی، میچ کے دوران اعصاب پر قابو پانے کے لیے نہ صرف کھلاڑیوں کے درمیان آپس میں پریکٹس میچز کھلائے گئے بلکہ پلیئرز کو پنالٹی کارنر لگانے اور بھر پور انداز میں دفاع کرنے اور حریف سائیڈ کے گول پوسٹ پر اچانک حملہ کرنے کی خصوصی مشقیں بھی کروائی گئی ہیں، شام کو ٹیم میٹنگ میں وڈیو فوٹیج دیکھ کر تھائی لینڈ کے خلاف پہلے میچ کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے۔


تاہم ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو سپر فٹ بنائے بغیر ایشین گیمز میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنا ممکن نہیں اس لیے عہدیداروں کی درخواست پر پی ایچ ایف حکام نے قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی فزیو کی خدمات حاصل کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق فزیو تھراپسٹ زافس بن طالب کا تعلق ملائیشیا سے ہے، وہ 15 اگست کو جکارتہ میں ٹیم کو جوائن کر لیں گے اور ہنگامی بنیادوں پر قومی پلیئرزکی فٹنس کو بہتر بنانے کے ٹاسک پر عمل درآمد شروع کر دیں گے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ گرین شرٹس ایشیائی ایونٹ کا حصہ بننے سے قبل جاپان اور اومان کے خلاف پریکٹس میچز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

جاپان کے خلاف میچ 16 اگست جبکہ اومان کے خلاف مقابلہ 18اگست کو شیڈول ہے۔ یاد رہے کہ ایشین گیمز میں ہاکی ایونٹ کا آغاز 20 اگست سے ہوگا، افتتاحی روز 5 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، 22 اگست کوپاکستانی ٹیم اومان کے خلاف میدان میں اترے گی، 24 اگست کو انڈونیشیا کے خلاف میچ ہوگا، 26 اگست کو قومی ٹیم ملائیشیا جبکہ 28 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔
Load Next Story