پرچم اتارنے کی پُرجوش تقریب واہگہ میں پنڈال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا

پنڈال بچوں، بڑوں اور خواتین سے بھرا ہوا تھا، رینجرز افسران کی خصوصی شرکت

ہرطرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ڈھول کی تھاپ نے حاضرین میں جوش اور ولولہ بھر دیا، ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے 71 ویں جشن آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کی صداؤں کے درمیان پرچم اتارنے کی پرجوش روایتی تقریب منعقد ہوئی رینجرز کی پریڈ اور حاضرین کے فلک شگاف نعرے دلوں کو گرماتے رہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر تقریب میں جوش و خروش کا عنصر غالب تھا جہاں قومی پرچموں کی بہار تھی اور پنڈال کو قومی پرچم کی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، پرچم اتارنے کی تقریب میں عوام نے ملی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، واہگہ بارڈر پاکستان زندہ باد، اللہ اکبر اور جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔


اس موقع پر رینجرز کے اعلیٰ افسران نے خصوصی شرکت کی جبکہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکار معمر رانا، افتخار ٹھاکر اور وارث بیگ بھی موجود تھے، پریڈ کا پنڈال عوام سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا، بچوں اور بڑوں کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں، شہری پاک افواج کے مختلف دستوں اور بینڈز کی پرفارمنس پر خوشی سے سرشار ہو کر نعرے لگاتے اور تالیاں بجاتے رہے، ڈھول کی تھاپ نے حاضرین میں جوش اور ولولہ بھر دیا۔

شام کے سائے ڈھلتے ہی قومی پرچم کو احترام اور جذبے کے ساتھ اتارا گیا، قبل ازیں پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر دن کے آغاز پر واہگہ اٹاری سرحد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان رینجرز نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کو مٹھائی کا تحفہ دیا۔

پاکستان رینجرز پنجاب اور بارڈر سیکیورٹی فورس انڈیا کے مابین ایک دوسرے کے قومی اورمذہبی تہواروں پر روایتی طور پر مٹھائی کے تحفوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے، مگر اس سال 23مارچ اور عید الاضحیٰ پر پاکستان کو انڈیا کی طرف سے مٹھائی نہیں دی گئی تھی۔
Load Next Story