مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا انتخاب کل ہوگا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا انتخاب کل ہوگا۔ فوٹو : فائل

تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر جب کہ محمود جان ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔

پریذائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھا کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی، پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی کامیاب قرار پائے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 124 کے ایوان میں 108 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے مشتاق غنی نے 81 جب کہ اپوزیشن کے لائق محمد نے 27 ووٹ حاصل کیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ

ووٹوں کی گنتی کے بعد پریذائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھا نے نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی سے اسپیکر کا حلف لیا جس کے بعد نو منتخب اسپیکر نے اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سنبھال لی۔

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا کا انتخاب؛


بعد ازاں نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی کی سربراہی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی جس میں پی ٹی آئی کے محمود جان 78 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ اپوزیشن کے جمشید موممند نے 30 ووٹ حاصل کیے، ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے کے بعد محمود جان نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا جب کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا انتخاب کل ہوگا۔

نئے پاکستان کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے، نومنتخب اسپیکر کے پی مشتاق غنی


نومنتخب اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہوا جس پر سب کا شکر گزار ہوں، ایوان کے اندر اخوت محبت اور بھائی چارہ فروغ دوں گا، نئے پاکستان کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔

مشتاق غنی نے کہا کہ 100 دن کے ایجنڈے پر کام کریں گے اور ان سو دن میں عوام کو بہت تبدیلی محسوس ہوگی، اسمبلی کے اخراجات میں جتنا ہو سکے کٹ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بغیر تیاری کوئی بات نہیں کرتے، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس ہزار گھروں کی بات کوئی مشکل کام نہیں جب کہ عمران خان کی نظر خزانے کے بجائے عوام پر ہے۔

Load Next Story