انگوٹھوں کے نشان کی تصدیقالیکشن کمیشن کی نادرا کو سافٹ وئیر تیار کرنے کی ہدایت

نادرا دو ہفتوں میں یومیہ 5 لاکھ انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے قابل ہوجائےگا، سیکریٹری الیکشن کمیشن


ویب ڈیسک May 20, 2013
انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق وقت طلب عمل ہے لیکن جلد ہی اس پر قابو پالیں گے، چیئرمین نادرا۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کے لئے الیکشن کمیشن نے نادرا کو مناسب سافٹ وئیر تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اسلام آباد میں چیئرمین نادرا کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ نادرا اور الیکشن کمیشن گزشتہ 3 سال سے مل کر کام کررہے ہیں، جس کے نتیجے میں ووٹرز لسٹ میں تصویریں شامل کی گئیں جبکہ انگوٹھوں کی تصدیق کے لئے نادرا ہی کے مشورے پر خصوصی مقناطیسی سیاہی کواستعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جانتی ہیں کہ نظام کو آگے چلانا ہے، انگوٹھوں کی تصدیق کا مطالبہ اچھی بات ہے اس سے نظام پر اعتماد کا پتہ لگتا ہے۔

اشتیاق احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے سلسلے میں شکایتوں پر فیصلے کے لئے پنجاب میں 5 جبکہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 3,3 الیکشن ٹریبونل قائم کئے ہیں، یہ ٹریبونل شکایت کی نوعیت پر نادرا کو انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کی ہدایت کر سکیں گے جبکہ نادرا اپنی رپورٹ صوبائی الیکشن کمیشن کو پیش کرے گا، اس سارے عمل کےلئے الیکشن کمیشن نے نادرا کو فوری طور پر خصوصی سافٹ ویئر کی تیاری کی ہدایت کردی ہے جو 2 ہفتوں میں یومیہ ایک لاکھ انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے قابل ہوجائے گا اس استعداد کو بتدریج بڑھاکر 5لاکھ انگوٹھوں کی یومیہ تصدیق تک لایا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے نے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق ایک وقت طلب عمل ہے لیکن جلد ہی اس پر قابو پالیں گے اور نادرا کے پاس یومیہ 5لاکھ انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کی سہولت آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا نے الیکشن کمیشن کو خصوصی روشنائی کے استعمال کا مشورہ دیا تھا اگر یہی خصوصی روشنائی استعمال کی گئی ہے توپھر انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق میں آسانی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |