عمران خان نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو جبکہ تقریب حلف برداری 18 اگست کو ہوگی


ویب ڈیسک August 15, 2018
وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو جبکہ تقریب حلف برداری 18 اگست کو ہوگی فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری ہوئی۔ تحریک انصاف اور اس کی حلیف جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اسد قیصر نے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار خورشید شاہ کو شکست دے دی۔ اسد قیصر نے 176 جب کہ خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کئے۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری کا شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد عمران خان نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ پاکستان کے انیسویں وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا اور صدر مملکت ممنون حسین 18 اگست کو نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ وزارت عظمیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شہباز شریف میدان میں ہیں۔ وزارت عظمیٰ کے لیے عمران خان کی پوزیشن مضبوط ہے جب کہ شہباز شریف کے نام پر اپوزیشن جماعتیں اختلافات کا شکار ہیں۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق قائد ایوان کا چناؤ تقسیم کے عمل کے ذریعے ہوگا، ایوان کی مجموعی تعداد کی سادہ اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار قائد ایوان منتخب ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا، تیاریاں مکمل

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے (ن) لیگ کو تجویز پیش کی ہے کہ شہباز شریف کے بجائے سردار ایاز صادق، خواجہ آصف یا کسی اور سینئر رہنما کا نام سامنے لے آئیں تووہ آصف زرداری اوربلاول بھٹوکو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دینے پر رضامند کرلیں گے۔

آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے شہباز شریف کو ووٹ دینے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے بھی کہا کہ ن لیگ سے وزیراعظم کا امیدوار تبدیل کروائیں گے۔ اگر اختلافات برقرار رہے تو خدشہ ہے کہ شہباز شریف توقع سے بھی کم ووٹ پڑیں گے اور عمران خان بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہوجائیں گے۔ اسپیکر کے الیکشن کے نتائج سے بھی وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹوں کی ممکنہ شرح کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں