کراچی سمیت سندھ بھر میں ایم کیو ایم کا عمران خان کے خلاف احتجاج

کراچی میں پریس کلب کے سامنے کئے گئے مظاہرے اور دھرنے میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


ویب ڈیسک May 20, 2013
نییل گبول نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کے دوران کہا کہ عمران خان نے اپنے الزامات واپس لے کر الطاف حسین سے معافی نہ مانگی تو قائد تحریک کے چاہنے والے ان کے لئے کراچی کے دروازے بند کردیں گے۔ فوٹو: آن لائن

ایم کیوایم کی جانب سے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے الطاف حسین پر لگائے گئے الزامات کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی میں پریس کلب کے سامنے کئے گئے مظاہرے اور دھرنے میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، احتجاج کے دوران انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن میں عمران خان کے خلاف نعرے اور الطاف حسین سے معافی مانگنے کے مطالبات درج تھے، دھرنے سے خطاب کے دوران ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ جانے کس نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں اگر سیاسی قائدین کے خلاف سنگین الزامات اور عوام کی مشکلات میں اضافہ نیا پاکستان ہے تو ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں، نو منتخب رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے عوام کو اپنے قائد کے خلاف الزام تراشی کے خلاف احتجاج پر مجبور کیا گیا، اگر عمران خان نے اپنے الزامات واپس لے کر الطاف حسین سے معافی نہ مانگی تو قائد تحریک کے چاہنے والے ان کے لئے کراچی کے دروازے بند کردیں گے، وسیم آفتاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ نئے پاکستان کے نام پر عوام کو بیوقوف بنارہے ہیں، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ زہرہ شاہد حسین کا قتل ان کی اپنی جماعت کی اندرونی چپقلش کا شاخسانہ ہے لیکن الزام تراشی ایم کیو ایم پر کی جارہی ہے، ایم کیو ایم نے عمران خان کی جانب سے الزام تراشی پر آئینی راستہ اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زہرہ شاہد کراچی کی بیٹی اور بہن تھیں ان کے خون کا حساب بھی ایم کیو ایم لے گی۔

حیدر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد زون کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچیں اور وہاں مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے نو منتخب رکن اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود احتجاجی مظاہرے میں حیدرآباد کی حق پرست عوام کی کثیر تعداد یہ پیغام دے رہی ہے کہ حق پرست عوام قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف بے ہودہ زبان استعمال کرنے والوں کا حساب کتاب کرنا جانتے ہیں، ہم نے وطن کی محبت میں ہر ظلم و جبر برداشت کیا مگر الطاف حسین کے نام و تحفظ پر کوئی حرف آئے یہ ہم پرداشت نہیں کر سکتے۔

ایم کیو ایم سکھر زون کی جانب سے عمران خان کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اوربچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، اس موقع پر مظاہرین نے عمران خان کی تصاویر کو نذر آتش کیا،اس کے علاوہ نواب شاہ، بدین ، میر پور خاص، ٹھٹہ، سجاول، گھوٹکی، ٹنڈو جام، نواب شاہ اور ٹنڈوآدم میں بھی ایم کیوایم کے کارکنوں نے عمران خان کے خلاف مظاہرے کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں