کیمرا آن ہوتے ہی ڈائیلاگ بھول گئی

نووارد اداکارہ جیاتی مودی کی باتیں


Amir Shakur May 20, 2013
میری خواہش ہے کہ دیپکا پاڈوکون اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کروں۔ فوٹو : فائل

گذشتہ ہفتے پروڈیوسر کی حیثیت سے کرن جوہر کی فلم '' گِپّی'' ریلیز کی گئی ہے۔

اس فلم کی ہدایات سونم نائر نے دی ہیں۔ ' گِپّی'' اسکول میں زیرتعلیم ٹین ایجرز کے مسائل کا احاطہ کرتی فلم ہے جسے ناظرین کے ساتھ ساتھ فلمی مبصرین نے بھی بے حد سراہا ہے۔ دو لڑکیاں اس فلم کی مرکزی اداکارائیں ہیں۔ ان میں سے ایک گرپریت کور ( گپی) اور دوسری شمیرا چوہان ہے۔

گپی ایک فربہ اور عام سی شکل و صورت کی لڑکی ہے۔ اس کے مقابلے میں شمیرا خوب صورت، اسمارٹ اور غیرنصابی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے والی چُلبلی لڑکی ہے۔ گپی کا رول رِیا وِج نے ادا کیا ہے جب کہ شمیرا کے رول میں جیاتی مودی نے خوب صورت اداکاری کی ہے۔ جیاتی بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور انڈین پریمیئر لیگ کے بانی للت مودی کی بھتیجی ہے۔

سترہ سالہ اداکارہ ان خبروں کی تردید کرتی ہے کہ اسے للت مودی سے رشتے داری کی بنا پر کرن جوہر نے اس فلم میں کاسٹ کیا تھا۔ جیاتی ابھی زیرتعلیم ہے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ بولی وڈ میں کیریئر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ نوجوان اداکارہ کا انٹرویو قارئین کی نذر ہے ۔

٭ '' گِپّی'' میں آپ نے ایک چلبلی نٹ کھٹ سی لڑکی کا رول کیا ہے۔ یہ رول آپ کی شخصیت سے کتنی مماثلت رکھتا ہے؟
اس کردار کی کچھ باتیں میری شخصیت میں بھی پائی جاتی ہیں، لیکن میں بالکل اس کی طرح نہیں ہوں۔ میں شمیرا سے زیادہ منکسرالمزاج ہوں۔ پڑھائی اور کھیلوں کے معاملے میں، میں اس سے زیادہ تیز نہیں ہوں۔



٭ '' گپی'' میں اداکاری کرنے کا موقع کیسے ملا؟
ڈائریکٹر سونم نائر نے مجھ سے آڈیشن دینے کے لیے کہا تھا۔ آڈیشن بہت ہی خراب ہوا تھا اور مجھے بالکل امید نہیں تھی کہ شمیرا کا رول میرے حصے میں آئے گا، مگر خوش قسمتی سے میں ڈائریکٹر کو متاثر کرنے میں کام یاب ہوگئی۔

٭ریا وج کے ساتھ کام کرنا کیسا لگا؟
ہمارے درمیان عمروں کا فرق ہے۔ میں اس سے چار سال بڑی ہوں مگر ہم دونوں بہت اچھی سہیلیاں بن گئی ہیں۔ ہم نے شوٹنگ کے سلسلے میں دو ماہ ایک ساتھ رہتے ہوئے گزارے تھے۔ اب وہ میری چھوٹی بہنوں جیسی ہے۔

٭پہلی بار ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے اور فلم کی تشہیری مہم کے دوران آپ بالکل بھی نروس نظر آئیں۔۔۔
حقیقت یہ ہے کہ میں اس پورے عمل کے دوران بہت نروس رہی ہوں، مگر خوش قسمتی سے سب کچھ بہتر انداز سے ہوتا چلاگیا۔

٭ تو آپ اداکاری جاری رکھنا چاہتی ہیں؟
میں اس برس کالج میں داخلہ لینے کا سوچ رہی ہوں۔ اداکارہ بننا میرا خواب ہے مگر اس کے لیے میں تعلیم کی قربانی نہیں دوں گی۔ میں پہلے تعلیم مکمل کروں گی اور پھر فلموں کی طرف آؤں گی۔

٭ اپنے پہلے سین کے بارے میں کچھ بتائیں۔ کیا یہ پہلے ہی ٹیک میں او کے ہوگیا تھا؟
میرے پہلے سین میں چند ایک ہی مکالمات تھے۔ ہم ایک گانے کی شوٹنگ کررہے تھے، میں اتنی پُرجوش تھی کہ مجھ سے ایک جگہ ٹکا نہیں جارہا تھا۔ مجھے ساکت رکھنے کے لیے سونم نائر نے مٹی سے بھرے تھیلوں پر کھڑا کردیا تھا۔ پھر جب کیمرا آن ہوا تو میں اپنے ڈائیلاگ بھول گئی جن کی میں نے بار بار پریکٹس کی تھی۔ اس طرح پہلا سین زیادہ اچھا نہیں ہوا تھا، مگر آہستہ آہستہ سب کچھ بہتر ہوتا چلاگیا۔

٭ کوئی یادگار سین جس کا آپ ذکر کرنا چاہیں؟
ایسا کئی بار ہوا جب کوئی سین دوبارہ شوٹ کرنا پڑا۔ ایک سین تو صرف اس وجہ سے دوبارہ شوٹ کرنا پڑا کہ میرے چہرے پر مکھی بیٹھ گئی تھی ( مسکراہٹ )۔ پکنک کا سین بھی ایک سے زائد بار شوٹ کرنا پڑا تھا، کیوں کہ کسی نہ کسی سے کوئی نہ کوئی غلطی ہوجاتی تھی۔ ایسے کئی مواقع آئے جب میں نے خود کو بے وقوف سی گپی محسوس کیا۔ مجھے یاد ہے کہ ایک سین میں کیمرا میری ٹانگوں پر فوکس کیا جانا تھا مگر اس سے چند منٹ پہلے ہی میں اپنی پنڈلی زخمی کربیٹھی۔

٭ موقع ملے تو آپ کس اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی؟
میری خواہش ہے کہ دیپکا پاڈوکون اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کروں۔ میرے لیے اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی کہ اس فلم میں میرا کردار مختصر ہے یا طویل۔

٭ کیا بچوں کو تعلیم مکمل کرنے سے پہلے اداکاری کرنے کی اجازت ملنی چاہیے؟

٭ اگرچہ میں اب بچی نہیں رہی اور بہت زیادہ سوشل بھی ہوں، پھر بھی مجھے اس فلم سے پہلے آزاد عملی زندگی کا کوئی تجربہ نہیں ہوا تھا۔ اس فلم کے بعد میں ذہنی طور پر بڑی ہوگئی ہوں، لیکن ایک چھوٹے بچے کے لیے یہ کام بہت مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔ یہی ایک وجہ ہے جس کی بنیاد پر میں کہوں گی کہ بچوں کو فلموں میں اداکاری کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں