پی ایس ایل فرنچائزز نے نجم سیٹھی کو وفاداری کا یقین دلادیا

کھل کرسپورٹ سے گریز،عمران خان کے حلف اٹھانے پرہی صورتحال واضح ہوگی

کھل کرسپورٹ سے گریز،عمران خان کے حلف اٹھانے پرہی صورتحال واضح ہوگی۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل فرنچائززنے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کووفاداری کا یقین دلا دیا جب کہ نئے سربراہ کے امیدوار قرار پانے والے ایک ٹیم آفیشل بھی ان افراد میں شامل ہیں۔

نئی حکومت کے آنے پر پی سی بی میں تبدیلی کی بازگشت گذشتہ کئی روز سے جاری ہے، حیران کن طور پر سوائے بورڈ ملازمین کے دیگر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے نجم سیٹھی کے حق میں آواز بلند نہیں کی،البتہ پی ایس ایل فرنچائزز نے انھیں مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز اونر نے چیئرمین سے کہا کہ حکمران پارٹی کی ایک اعلیٰ شخصیت ان کی دوست ہے، اس سے بات کر کے تبدیلی نہ کرنے کا مشورہ دیں گے،ایک اور ٹیم آفیشل نے نجم سیٹھی کو یقین دلایا کہ وہ نیا چیئرمین بننے کی دوڑ میں شامل نہیں،ان کے حوالے سے یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ وہ اس حوالے سے کوشش کر رہے تھے۔


چیئرمین پی سی بی چاہتے ہیں کہ فرنچائزز کھل کر ان کی حمایت کا اعلان کریں، البتہ اونرز اس حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، انھیں خدشہ ہے کہ اگر ایسا کیا اورکرکٹ بورڈ کاکوئی نیا سربراہ آ گیا تو وہ انھیں سابق چیئرمین کا حامی ہی سمجھے گا،اب تک صرف ایک ہی فرنچائزمالک نے سوشل میڈیا کے ذریعے موجودہ چیئرمین پی سی بی کی کھل کر تعریف کی جسے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے،دیگر واٹس ایپ گروپ و ویگر ذرائع سے انھیں وفاداری کا یقین دلا رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اعلیٰ حلقوں نے اب تک پی سی بی میں تبدیلی کے حوالے سے چپ سادھی ہوئی ہے، البتہ عمران خان کے بطور وزیراعظم حلف اٹھانے کے بعد کسی پیش رفت کا امکان ہے۔

 
Load Next Story