پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

پرویز الہیٰ نے 201 جب کہ چوہدری اقبال نے147 ووٹ حاصل کیے


ویب ڈیسک August 16, 2018
اسپیکرپنجاب اسمبلی کےانتخاب کیلیے مجموعی طور پر348ووٹ ڈالے گئے فوٹو: این این آئی

پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کے نئے اسپیکر اور دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس رانا محمد اقبال کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں پہلے اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کےعہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اوران کے اتحادیوں کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چوہدری محمد اقبال امیدوار تھے۔

رائے شماری کے دوران کئی مرتبہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، رائے شماری مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل ہوا جس میں چوہدری پرویز الہی کامیاب قرار پائے۔ اسپیکر کے انتخاب میں 349 ووٹ کاسٹ کیے گئے، پرویز الہیٰ نے 201 اور چوہدری اقبال نے 147 ووٹ حاصل کئے جب کہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

خیال رہے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اتحادی (ق) لیگ اور آزاد ارکان کو ملاکر مجموعی ووٹوں کی تعداد 189 بنتی ہے لیکن چوہدری پرویز الہی کو 12 ووٹ زیادہ کاسٹ ہوئے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 162 ہونے کے باوجود ان کی جانب سے نامزد اسپیکر چوہدری محمد اقبال نے 147 ووٹ حاصل کیے اور ایک ووٹ مسترد ہوا۔

Punjab Assembly new

اسپیکر کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی ایوان میں ایک مرتبہ پھر ہنگامہ آرائی شروع ہوئی، مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے نعرے بازی کی جس کے جواب میں تحریک انصاف کے ارکان بھی نعرے لگاتے رہے، ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی ہی میں چوہدری پرویز الہٰی نے حلف اٹھایا۔

اسپیکر کے انتخاب کے بعد ڈپٹی اسپیکر کو منتخب کرنے کے لیے ووٹنگ ہوئی جوکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت ہوئی۔ ان کے حکم پر پہلے خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے بعد ازاں مردوں کی باری آئی مجموعی طور پر 348 ارکان نے ووٹ ڈالے جس میں سے دو ووٹ ضائع ہوگئے۔

تحریک انصاف کے امیدوار دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار دوست محمد مزاری اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار وارث کلو کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں پی ٹی آئی کے دوست مزاری 187 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے جب کہ ان کے مدمقابل وارث کلو نے 159 ووٹ حاصل کیے۔ بعدازاں دوست محمد مزاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

(ن) لیگ نے باغی ارکان کی تلاش شروع کردی


دوسری جانب حمزہ شہباز کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں (ن) لیگ کو 15 ووٹ کم ملنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن اور احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے ان 15 ارکان کو تلاش کرکے ان کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا جنہوں نے اپنی پارٹی چھوڑ کر (ق) لیگ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ دیے۔

ادھر بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں 59 اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئے۔



عبدالقدوس بزنجو کے مدمقابل امیدوار جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد نواز نے 20 ووٹ حاصل کیے۔ سبکدوش اسپیکر راحیلہ درانی نے نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سے عہدے حلف لیا۔

بابر موسیٰ خیل ڈپٹی اسپیکر منتخب

اسی طرح حکومتی اتحاد کے سردار بابر موسیٰ خیل کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا انہوں نے 58 میں سے 36 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل اپوزیشن اتحاد کے امیدوار احمد نواز کو 21 ووٹ ملے۔ بابر موسیٰ خیل کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں