امریکا نے چین اور روس کی متعدد کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا

امریکا نے شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا


ویب ڈیسک August 16, 2018
امریکا نے شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا فوٹو:فائل

ISLAMABAD: امریکی محکمہ خزانہ نے شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد روسی اور چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کےلیے اس پر دباؤ برقرار رکھنے کی پالیسی کے تحت یہ اقدام اٹھایا۔ امریکی حکومت نے چینی کمپنی ڈالیان سن مون اسٹار اور اس کی ذیلی کمپنی سنسمس پر الزام لگایا کہ انہوں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے شراب اور سگریٹ کی کھیپ شمالی کوریا کو برآمد کی۔ محکمہ خزانہ نے دعویٰ کیا کہ سگریٹ کی اس غیر قانونی تجارت کے ذریعے شمالی کوریا کی حکومت سالانہ ایک ارب ڈالر کماتی ہے۔

واشنگٹن نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں روس کی کمپنی پروفینیٹ کو بھی بلیک لسٹ کردیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے الزام لگایا کہ پروفینیٹ نے روس کی تین بندرگاہوں پر شمالی کوریا کے بحری جہازوں کو مال چڑھانے اور ایندھن بھرنے کی سہولیات فراہم کیں۔

امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات منقطع تھے تاہم حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات بھی ہوئی، جب کہ شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس سے امید پیدا ہوچلی تھی کہ اب شاید شمالی کوریا دنیا میں تنہائی سے نکل کر مرکزی دھارے میں واپس آجائے، تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کے معاملات کی مکمل بحالی میں کافی وقت لگے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں