بجٹ سازی میں تاجروں سے مشاورت کی جائے طارق سعید

کاروباری طبقے کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایئرپورٹ پر استقبالی مجمع سے خطاب

کاروباری طبقے کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایئرپورٹ پر استقبالی مجمع سے خطاب۔ فوٹو : ایکسپریس

وفاقی دارلحکومت کی کاروباری برادری نے بزنس پینل کے چیئرمین، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر، کنفیڈریشن آف ایشیا پیسفیک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی اے سی سی آئی) کے نائب صدر معروف تاجر رہنما طارق سعید کا ایئرپورٹ پراستقبال کیا۔

کاروباری برادری کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے طارق سعید نے کہا کہ کاروباری طبقے کی اہمیت کو کوئی نظر انداز نہیں کر سکتا کیونکہ یہ حکومت کو معاملات چلانے کیلیے ریونیو فراہم کرتا ہے، لوگوں کو روزگار مہیا کرتا ہے اور فاریکس ایکسچینج کما کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ کی تیاری کے مراحل میں بزنس کمیونٹی کی مشاورت کو شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ یہی درحقیقت ملک کے اسٹیک ہولڈرز ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی حکومت معیشت کی بحالی کیلیے ترجیحی بنیادوں پر موثر معاشی پالیسی تشکیل دیگی تاکہ ملک کو پٹڑی پر واپس لایا جا سکے۔




انہوں نے مسلم لیگ ن کی معاشی ماہرین کی ٹیم پر اعتماد اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ معاشی چیلنجز سے احسن انداز سے نمٹے گی۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر ظفر بختاوری نے طارق سعید کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طارق سعید ہی ہیں جنہوں نے بزنس کمیونٹی کو متحد کررکھا ہے اور ان کے حقوق کیلیے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ معاشی بحالی اور سرمایہ کاری کو اولین ترجیح دے اور نئی حکومت ملک میں سیاسی استحکام لانے پر توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک، منور مغل، عبدالرؤف اور اسلام آباد چیمبر کے دیگر سینئر ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Load Next Story