کراچی اسٹاک مارکیٹ غیر ملکیوں کی بھاری سرمایہ کاری 20800 کی حد بھی عبور

(ن) لیگ کی جانب سے توانائی بحران ترجیحاًحل کرنے کے اعلان پر بیرونی سرمایہ کاروں کی1 کروڑ19 لاکھ ڈالرکی خریداری


Business Reporter May 21, 2013
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ سیشن کے دوران بروکرز ڈیجیٹل اسکرین پر شیئر پرائسز دیکھتے ہوئے گفتگو کر رہے ہیں، پیر کوبنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 20800 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مسلم لیگ ن کی جانب سے توانائی بحران ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے اعلان نے مزید مثبت اثرات مرتب کیے اور تیزی کا تسلسل قائم رہنے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 20800 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی مالیت بھی50 کھرب71 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔

تیزی کے باعث57 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید82 ارب58 کروڑ 21 لاکھ45 ہزار754 روپے کا اضافہ ہوگیا، سرمایہ کاروں نے ترجیحی اقدامات کی بدولت سرکلرڈیٹ ختم ہونے کی امید کے علاوہ تجارت وصنعت کے حوالے سے مثبت پالیسیاں متعارف کرائے جانے کی توقعات پر سرمایہ کاری کی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر1 کروڑ45 لاکھ 80 ہزار764 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے 1 کروڑ19 لاکھ27 ہزار795 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے26 لاکھ52 ہزار969 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔



سرمایہ کاری کے اعتبار سے پٹرولیم، گیس اور انرجی سیکٹر سرفہرست رہے جبکہ سیمنٹ ودیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس277.11 پوائنٹس کے اضافے سے20814.14 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس240.35 پوائنٹس کے اضافے سے 16161.63 اور کے ایم آئی30 انڈیکس647.06 پوائنٹس کے اضافے سے35632.57 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت7.70 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 34 کروڑ35 لاکھ99 ہزار800 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار394 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں224 کے بھاؤ میں اضافہ، 149 کے داموں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ50 روپے بڑھ کر1875 روپے اور یونی لیور فوڈز کے بھاؤ50 روپے بڑھ کر5150 روپے ہوگئے جبکہ شیلڈ کارپوریشن کے بھاؤ 9.99 روپے کم ہوکر 190 روپے اور فلپس موریس پاکستان کے بھاؤ 6.29 روپے کم ہوکر252.01 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں