ون ڈے سیریز پاکستانی ٹیم نے آئرلینڈ میں ڈیرے ڈال دیے

2 میچز کے لیے شائقین کی دلچسپی عروج پر پہنچ گئی، ڈبلن کا موسم بھی سرد


Sports Desk May 21, 2013
2 میچز کے لیے شائقین کی دلچسپی عروج پر پہنچ گئی، ڈبلن کا موسم بھی سرد۔ فوٹو: فائل

ون ڈے سیریزمیں شرکت کیلیے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پیر کو آئرلینڈ میں ڈیرے ڈال دیے۔

2 میچز کیلیے شائقین کی دلچسپی عروج پر پہنچ چکی ہے، ڈبلن کا موسم بھی سرد ہے۔ 2007 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست دینے والی میزبان ٹیم ہوم گراؤنڈ پر دوسری فتح کی متلاشی ہو گی، گرین شرٹس 2011 کی سیریز میں 2-0 سے فتح کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر کلین سوئپ کیلیے کوشاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے شیڈول کردہ پہلی سیریز میں پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کے ساتھ دوسرا مقابلہ بارش کے سبب ممکن نہ ہوسکا، پیر کو آئرلینڈ پہنچنے والی مہمان ٹیم بہتر بیٹنگ پریکٹس کے ارادے سے میدان میں اترتے ہوئے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریگی۔



میزبان سائیڈ کو اپنے ون ڈے کیریئر میں گرین شرٹس کے مقابل واحد فتح 2007 کے ورلڈ کپ میں حاصل ہوئی تھی، 2011 میں پاکستان نے آئرلینڈ کا دورہ کرتے ہوئے سیریز 2-0 سے اپنے نام کی،پہلے کی بانسبت کاؤنٹی کرکٹ کا اب زیادہ تجربہ رکھنے والے میزبان کھلاڑی ہوم گراؤنڈز پرجیت کے ساتھ دنیائے کرکٹ میں اپنی اہمیت منوانا چاہیں گے۔

دوسری طرف پاکستان چاہے گا کہ کلین سوئپ فتح کے ساتھ اعتماد کی دولت سے مالا مال ہو کر چیمپئنز ٹرافی کا آغاز کرے۔ کرکٹ آئرلینڈ کے مطابق خطے میں موجود پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد جمعرات اور اتوار کو شیڈول دونوں مقابلوں میں گہری دلچسپی لے رہی ہے، مقامی افراد بھی ایک مضبوط حریف کے مقابلے میں اپنے باصلاحیت کرکٹرز سے بہتر کارکردگی کی اُمیدیں لگائے بیٹھے ہیں، ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے، میچ سے نہ صرف ملک میں کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ بورڈ کو خاصی آمدنی بھی ہو گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں