ویمنز ٹیم براہ راست ورلڈ کپ میں رسائی پا سکتی ہے جلال الدین

کولز کے آنے سے پرفارمنس میں دن بدن بہتری آرہی ہے،چیئرمین سلیکشن کمیٹی


کولز کے آنے سے پرفارمنس میں دن بدن بہتری آرہی ہے،چیئرمین سلیکشن کمیٹی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی ویمن سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے کہاکہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، اگر اسی تسلسل کو برقرار رکھا گیا تو پاکستان کو عالمی ویمنز کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، ٹیم براہ راست ایونٹ میں شرکت کی حقدار بن جائے گی۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی 2018 سے قبل پاکستان ویمن ٹیم بنگلہ دیش اور پھر ملائیشیا میں آسٹریلیا کے خلاف اہم سیریز کھیلے گی، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 4 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ بہت اہمیت کا حامل ہوگا، امید ہے کہ پاکستان یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوجائے گا لیکن اس کے بعد ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ملائیشیا میں شیڈول ہوم سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز میں فتح کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

جلال الدین نے کہا کہ قومی ویمن کرکٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، آئی سی سی قواعد کے تحت ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلی جانے والی ہر سیریز کے میچ میں کامیابی پانے والی ٹیم جیت پر 2 پوائنٹس کی حقدار ہوگی، اگر پاکستان کوالیفیکشن پوائنٹس کی بدولت عالمی رینکنگ کی ٹاپ فور ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا تو اسے عالمی ویمنز کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں براہ راست جگہ مل سکتی ہے، جلال الدین نے کہا کہ ان اہم ترین مقابلوں اور عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کی تیاریوں کے سلسلے اگلے ماہ قومی تربیتی کیمپ کا آغاز ہوجائے گا۔

قبل ازیں کیمپ ایبٹ آباد میں لگانے کی تجویز کی تھی تاہم اب قومی ویمنز کرکٹرز لاہور میں اپنی صلاحیتوں کو جلا بخشیں گی، انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے نائب کپتان کی بھی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں جلال الدین نے کہا کہ ان فٹ قومی کپتان بسمہ معروف ایک بہترین بیٹسویمن گردانی جاتی ہیں، توقع ہے کہ وہ جلد فٹ ہوکر قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کے قابل ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں