اسٹاک مارکیٹ مندی کا تسلسل برقرار 42000 کی حد بھی گر گئی

انڈیکس485پوائنٹس گھٹ کر41960پرآگیا،74فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی،انویسٹرزکے 84 ارب 52کروڑ روپے ڈوب گئے


Business Reporter August 17, 2018
کاروباری حجم 2 فیصد کم،14 کروڑ 21 لاکھ حصص کے سودے،375میں سے77کمپنیوں کے بھاؤ بڑھ گئے،278 کی قیمتوں میں کمی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جمعرات کوبھی جاری رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 42000 کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 485.76 پوائنٹس کمی سے 41960.80 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

گزشتہ روز حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنزکی جانب سے توانائی، کیمیکل، فوڈاورٹیلی کام سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں معمولی تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 42481 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گئی لیکن بعد ازاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے رجحان کو دیکھتے ہوئے مقامی سرمایہ کار بھی حصص کی فروخت کو ترجیع دینے لگے جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ میں مندی چھاگئی جس کے سبب انڈیکس 42400، 42300، 42200، 42100 اور 42000 کی نفسیاتی حدوں سے یکے بعد دیگرے گرتا چلا گیا جب کہ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41753 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی پہنچ گیا اگرچہ بعد میں معمولی ریکوری سے انڈیکس کی 41900 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مجموعی طور پر مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 485.76 پوائنٹس کمی سے 41960.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسی طرح ایس ای 30 انڈیکس 280.91 پوائنٹس کمی سے 20651.16 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 886.39 پوائنٹس کمی سے 71758.54 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 30.20 پوائنٹس کمی سے 30421.99 پوائنٹس پر بند ہوا۔

گزشتہ روز مجموعی طور پر 375 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 77 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 278 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 20 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 84 ارب 52 کروڑ 43 لاکھ 17 ہزار 664 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 86 کھرب 19 ارب 79 کروڑ 8 لاکھ 13 ہزار 944 روپے ہوگئی۔

گزشتہ روز مجموعی طور پر 14 کروڑ 21 لاکھ 78 ہزار 380 شیئرزکا کاروبار ہوا جو بدھ کی نسبت 30 لاکھ 74 ہزار 280 شیئرز کم ہیں۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے جوبلی لائف انشورنس کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 20.00 روپے اضافے سے 660.00 روپے اورمری بریوری کے حصص کی قیمت 17.50 روپے اضافے سے 777.50 روپے پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈکی گئی، جس کے حصص کی قیمت 221.17 روپے کمی سے 7503.83 روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت 65.47 روپے کمی سے 1832.51 روپے پر بند ہوئی۔ جمعرات کو ڈسکون آکشیم کی سرگرمیاں 89 لاکھ 24 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 62 پیسے اضافے سے 22.97 روپے جبکہ پاک الیکٹرون کی سرگرمیاں 88 لاکھ 54 ہزار 50 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کے شیئرز کی قیمت 1.69روپے کمی سے34.61روپے ہو گئی۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق آج (جمعہ) کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں منفی اثرات غالب رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |