ریجنل ایڈہاک کمیٹیوں کے خلاف حکم امتناعی واپس

پی سی بی کو 18جون کے بعد ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرانے کا حکم


Sports Reporter May 21, 2013
پی سی بی کو 18جون کے بعد ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرانے کا حکم۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے ریجنل ایڈہاک کرکٹ کمیٹیاں قائم کرنے کے خلاف حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے پی سی بی کو 18 جون کے بعد ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرانے کا حکم دیدیا۔

گزشتہ روز ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈائریکٹر ذاکر خان اور جنرل منیجر شفیق پاپا نے قانونی مشیر تفضل رضوی کے ہمراہ جسٹس اعجاز الحسن کی عدالت میں پیش ہوکر موقف بیان کیا جسے تسلیم کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے چند روز قبل لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ کی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو تحلیل کرکے معاملات ایڈہاک کمیٹیوں کے سپرد کردیے تھے، تینوں تنظیموں کے صدور خواجہ احمد ندیم، محمد انور اور ملک ذوالفقار نے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، ان کا موقف تھا کہ سابق ایسوسی ایشنز کی مدت ستمبر2012 میں ختم ہوگئی تھی۔



چیئرمین پی سی بی نے قانون میں گنجائش اور کوئی اختیار نہ ہونے کے باوجود ریجنل ایڈہاک کمیٹیاں تشکیل دیدیں، لہٰذا علاقائی کرکٹ کے معاملات عبوری سیٹ اپ کے سپرد کرنے کا 9 مئی کو جاری کیا جانے والا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، پہلی سماعت میں عدالت نے ایڈہاک کمیٹیوں کی تشکیل کو تاحکم ثانی معطل قرار دیتے ہوئے پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈائریکٹر اور جنرل منیجر سے 20 مئی کو وضاحت طلب کرلی تھی، گزشتہ روز ذاکر خان اور شفیق پاپا نے ایڈووکیٹ تفضل رضوی کے ہمراہ جسٹس اعجاز الحسن کی عدالت میں پیش ہوکر اپنا موقف پیش کیا۔

بورڈ کے وکیل نے کہا کہ ایڈہاک کمیٹیوں کا مقصد منتخب نمائندوں کے کام میں مداخلت نہیں، پی سی بی اپنے آئین کے مطابق انتخابات کرانے کیلیے تیار ہے، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے بورڈ کو ہدایت کی کہ18 جون کے بعد متعلقہ ریجنل ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں