پاکستان تحریک انصاف نے 100 دنوں کا لائحہ عمل بنا لیا

ایف بی آر، نیپرا، ریلویز، پی آئی اے کے سربراہ ہٹانے کا فیصلہ، بنی گالا میں اجلاس

وزیراعلیٰ پنجاب کا نام فائنل، ذرائع ، واجپائی کے انتقال پر عمران کا اظہار افسوس۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
تحریک انصاف نے آئندہ 100 دنوں کیلیے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیدی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پی ٹی آئی کا ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین سمیت دیگر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔ سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ارباب شہزاد نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں آئندہ 100 دنوں کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی ہے، 100 دنوں کیلئے وفاقی اور صوبائی اداروں کے سربراہوں کی تبدیلی کی فہرستیں تیار کی گئیں، سربراہوں کی تبدیلی کی سفارشات ارباب جہانگیر نے مرتب کیں، ان کی 100 دنوں کی سفارشات منظور کر لی گئیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹریوں کے تبادلوں کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں، سیاسی بنیادوں پر اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسروں کو بھی تبدیل کیا جائیگا، ایف بی آر، نیپرا، ریلویز، پی آئی اے سمیت کئی اداروں کے سربراہوں کی تبدیلی کا پلان ہے، سرکاری اداروں میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کو تعینات کیا جائے گا۔ 100 دن کیلئے ہوں گی، 100 دن پورے ہونے کے بعد ان افسروں کی کارکردگی جانچی جائے گی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا بھی حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اسکا باقاعدہ اعلان خود عمران خان کریں گے، جن ناموں پر غور کیا گیا ان میں عبدالعلیم خان، میاں اسلم اقبال، یاسمین راشد اور راجہ یاسر کا نام شامل ہے۔


ادھر پارٹی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ تین دنوں میں وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام جاری کرنے کا اعلان کر دیا، وزیراعلٰی پنجاب کے نام کا اعلان آئندہ 48 گھنٹوں میں کیا جائیگا، عمران خان وزیراعظم کے لیے 180 سے زائد ووٹ لیں گے۔

دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف اور نامزد وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی وفات پرگہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے، اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھاکہ اٹل بہاری واجپائی برصغیر کی قدآور سیاسی شخصیت تھے۔ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے اٹل بہاری واجپائی کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اٹل بہاری واجپائی نے بطور وزیرخارجہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا بیڑہ اٹھایا، بطور وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا ایجنڈا آگے بڑھایا، اٹل بہاری واجپائی کی رحلت سے جنوبی ایشیاء کی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوا، دونوں ممالک آزادی کی خوشیاں منا رہے ہیں، سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر امن کے قیام کی خواہش سرحد کی دونوں جانب پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قیام امن ہی سے اٹل بہاری واجپائی کی خدمات کا حقیقی اعتراف ممکن ہے، واجپائی صاحب کی وفات پر افسوس ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں بھارت کے غم میں شریک ہیں۔

تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے نامزد وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے نئی حکومت کیلئے نیک تمناؤںکا اظہار کیا ہے، عمران خان نے شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود کا شکریہ ادا کیا جبکہ خیر سگالی کے جذبات کا خیر مقدم کیاہے۔

لاہور سے اسپورٹس رپورٹر کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان ایلن بارڈر نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری کرکٹ برادری کو عمران خان پر فخر ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ پورے جذبے کیساتھ اپنی قوم کی قیادت کریں گے، دریں اثناء عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی اور صوبہ میں نئی کابینہ کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story