زہرہ شاہد حسین کے سوئم میں مختلف شخصیات کی شرکت

عدالتی کمیشن بنا کرزہرہ شاہد کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے، پارٹی رہنما.


Staff Reporter May 21, 2013
قتل کی ایف آئی آر مرکزی قیادت کے فیصلے کے بعد درج کرائی جائیگی، علیمہ خان فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان تحریک انصاف سندھ خواتین ونگ کی سینئر نائب صدر زہرہ شاہد حسین کا سوئم پیر کو بعد نماز ظہر خواتین کے لیے ان کی رہائش گاہ ڈیفنس فیز 4 میں جبکہ مردوں کیلیے سلطان مسجد میں منعقد ہوا۔

سوئم میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں عمران اسماعیل ، ڈاکٹر عارف علوی، پی ٹی آئی سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری ، جمال صدیقی کے علاوہ دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل ، سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری ، سید حفیظ الدین اور دیگر نے کہا کہ زہرہ شاہد کا قتل تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پوری کراچی کے عوام کا قتل ہے، ان رہنماؤں نے کہا کہ زہرہ شاہد کے قتل کی غیر جانبدرانہ عدالتی تحقیقات ہونی چاہیے اور ایک عدالتی کمیشن بنا کر ان کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے، انھوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے تحریک انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی۔

دریں اثنا مرحومہ کی رہائش گاہ پر سوئم کی تقریب میں بھی پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے خصوصی طور شرکت کی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علیمہ خان خواتین پر اس طرح کے حملے اور انھیں قتل کردینے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔



انھوں نے کہا کہ زہرہ شاہد تحریک انصاف کی رہنما ہی نہیں بلکہ وہ اس سماجی کارکن بھی تھیں اور انھوں نے تعلیم کے نفاذ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے جدوجہد کا آغاز کر رکھا تھا،ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ زہرہ شاہد کے قتل کی ایف آئی آر مرکزی قیادت کے فیصلے کے بعد درج کرائی جائے گی، قبل ازیں قائد اعظم انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ وہ عمران خان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

عمران خان کی صحت ان کو اس بات کی اجازت نہیں دے رہی ہے کہ وہ کراچی آسکیں ورنہ وہ زہرہ آپا کے سوئم میں شرکت کرنے ضرور آتے، علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کو بہت سے لوگ پیغام پہنچا رہے تھے کہ ان کو کراچی میں دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں اس لیے عمران خان نے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا اور انہیں انتباہ کیا کہ اگر کراچی میں ہمارے لوگوں کو کوئی نقصان پہنچاتا ہے تو اس کی ذمے دار برطانوی حکومت بھی ہوگی، ایک سوال کہ ایم کیو ایم کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹس پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کوئی نوٹس نہیں ملا تاہم برطانوی حکومت نے عمران خان سے رابطہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں