یہ وقت احتجاج کا نہیں بلکہ مل کر عوامی مسائل حل کرنے کا ہے شہباز شریف
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ وقت احتجاج کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کو ملک کر حل کرنے کا ہے، احتجاج کا صحیح وقت کرپٹ حکومت کا دور تھا۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل کے مارے ہوئے عوام اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں اور انہیں دھرنا سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ متحد ہوجائیں اور پرویز مشرف اور صدر آصف زرداری کے دیئے ہوئے زخموں پر مرہم رکھیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی واحد ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکومت میں آنے سے قبل ہی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے لیکن ہارنے والوں نے واویلا نہیں مچایا لہٰذا تحریک انصاف کو دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرنا چاہئے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹ مار کی گئی، اس لوٹ مار میں بدعنوان سیاستدان اور کرپٹ بیورو کریٹس شامل تھے لیکن مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کا عمل اتحادی پارٹیوں کی مشاورت سے مکمل کیا جائے گا۔