تحریک انصاف نے ڈاکٹرعارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

موجودہ صدر ممنون حسین کی میعاد اگلے ماہ ختم ہو جائے گی جس کے بعد نئے صدر کے لیے انتخاب 4 ستمبر کو ہوگا


ویب ڈیسک August 18, 2018
عارف علوی پارٹی کے سینیئر رہنما اور کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں۔ فوٹو : فائل

پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کے انتخاب کے لیے اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے ڈاکٹر عارف علوی پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔ موجودہ صدر ممنون حسین کی مدت صدارت 8 ستمبر 2018 کو ختم ہوجائے گی جب کہ ملک کے 13 ویں صدر کے لیے انتخاب 4 ستمبر کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لیے شیڈول پہلے ہی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست ہے اور 29 اگست تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 30 اگست تک واپس لے سکیں گے۔

امیدواروں کی حتمی فہرست 30 اگست کو ہی جاری ہوگی جب کہ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔

تحریک انصاف قومی اسمبلی اور دو صوبوں میں اکثریت رکھتی ہے جب کہ بلوچستان میں پی ٹی آئی مخلوط حکومت میں شامل ہے اور سینیٹ میں بھی اسے اتحادیوں کا تعاون حاصل رہے گا۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان صدارتی انتخاب کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں