عدالتی عملے کا سہراب گوٹھ تھانے پر چھاپہ شہری بازیاب

تھانے کا ڈیوٹی افسر عدالتی عملے کو دیکھتے ہی تھانے سے فرار ہوگیا تھا۔

سیشن جج کے حکم پرعدالتی عملے نے مذکورہ تھانے میں چھاپہ مارا اور تھانے کے حوالات میں قید مغوی محمد جمیل کو بازیاب کیا۔ فوٹو: فائل

سیشن جج ملیر کے حکم پر ہیڈ بیلف ملیر نے تھانہ سہراب گوٹھ میں چھاپہ مار کر محنت کش کو بازیاب کرکے فوری رہا کردیا ہے۔

ذمے دار پولیس افسران کو سیشن جج کے روبرو تمام ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا ہے، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے محمد عثمان کی درخواست پر ہیڈ بیلف ہرسی کو تھانہ سہراب گوٹھ پر چھاپہ مارنے اور مغوی کی بازیابی کا حکم دیا تھا، سیشن جج کے حکم پرعدالتی عملے نے مذکورہ تھانے میں چھاپہ مارا اور تھانے کے حوالات میں قید مغوی محمد جمیل کو بازیاب کیا۔




اس موقع پر تھانے کا ڈیوٹی افسر عدالتی عملے کو دیکھتے ہی تھانے سے فرار ہوگیا تھا تاہم تھانے میں موجود اہلکار نے تھانے کا ریکارڈ چیک کرایا اورمغوی کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں تھی. عدالتی عملے نے مغوی کو ذاتی مچلے پر فوری رہا کردیا ، ایس ایچ او اورڈیوٹی افسر کو22 مئی کو سیشن جج کے روبرو تمام ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

قبل ازیں محمد عثمان نے حبس بے جا کی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس کا بھانجا جوکہ مقامی فیکٹری میں محنت کش ہے گزشتہ روز وہ ڈیوٹی سے گھر آرہا تھا کہ سہراب گوٹھ تھانے کی پولیس نے تلاشی کے بہانے اسے روکا اور غیرقانونی حراست میں لے کر حوالات میں بند کردیا اس کی رہائی کیلیے بھاری رقم کا تقاضا کیا گیا تھا، درخواست میں مغوی کی بازیابی کی استدعا کی گئی تھی۔
Load Next Story