ایشین گیمز پاکستان نے اومان کو پریکٹس میچ میں قابو کر لیا

شفقت رسول نے 2 بار گیند کو جال میں پہنچایا، ایک ایک گول عتیق ارشد، عرفان سینئر اور جنید منظور نے بنایا۔

شفقت رسول نے 2 بار گیند کو جال میں پہنچایا، ایونٹ میں سفر کاآغاز کل ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایشین گیمزسے قبل پاکستان ہاکی ٹیم نے دوسرے پریکٹس میچ بھی اومان کو5-2 سے قابو کر لیا۔

ایشین گیمزکا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں جکارتہ میں موجود اور بھر پور پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، محمد رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ دیگرکھلاڑیوں میں عمران بٹ، عماد شکیل بٹ، امجد علی، علی شان، اعجاز احمد، ابوبکر، عرفان سینئر، محدم دلبر، تصور عباس، شفقت رسول، راشد محمود، مبشر علی، محمد توثیق ارشد، محمد عمر بھٹہ، عتیق ارشد، جنید منظور اور محمد فیصل قادر شامل ہیں۔

ٹیم منیجمنٹ نے ایشیائی ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے 2 پریکٹس میچوں کا اہتمام کیا۔ پہلے پریکٹس میچ میں قومی ٹیم نے جاپان کیخلاف صفر کے مقابلے میں 2 گول سے کامیابی حاصل کی جبکہ گزشتہ روز شیڈول میچ میں گرین شرٹس نے اومان کیخلاف 5-2 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔

جکارتہ میں ہونے والے اس میچ کے ابتدا میں کھیل خاصا سست روی کا شکار رہا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر کے دوران کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دوسرے کوارٹر کے دوران چیف کوچ رولنٹ اولٹمنز نے گول کیپر عمران کی جگہ امجد کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔


دوسرے کوارٹر کے ختم ہونے سے چند منٹ قبل شفقت رسول نے پاکستان کو ابتدائی گول کی برتری دلا دی، تیسرے کوارٹر کے پانچویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی، اس بار عرفان سینئر نے گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک کر مقابلہ 2-0 کر دیا، پاکستان کی طرف سے تیسرا گول عتیق ارشد نے کیا، شفقت رسول نے چوتھے کوارٹر میں انفرادی طور پر دوسرا اور مجموعی طور پر چوتھاگول کرکے اومان کے میچ میں واپسی کے تمام راستے بند کر دیے، گرین شرٹس کی طرف سے آخری گول جنید منظور نے کیا۔

پاکستانی ٹیم ایشین گیمز میں ابتدائی میچ 20 اگست کو میزبان انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان کوایشین گیمز کے دوران اب تک 7 بار گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔

پہلی بار گرین شرٹس نے 1958 کے ٹوکیوگیمز کے دوران طلائی تمغہ حاصل کیا، بعد ازاں جکارتہ گیمز1962، بنکاک 1970، تہران 1974، بنکاک 1978، نیو دہلی1982، بیجنگ 1990میں گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ بعد ازاں پاکستانی ٹیم نے 20 سال کے طویل عرصے کے دوران گوانگزو میں ہونے والے گیمز کے دوران پہلی پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کو اب تک 3 بار چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ میڈلز پاکستان نے بنکاک 1966، جنوبی کوریا 1986 اور 2014 کے ایونٹس میں اپنے نام کیے تھے، ایشین گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی صورت میں قومی ٹیم اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، ایشیائی ایونٹ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے جکارتہ میں ٹیم کے ساتھ موجود منیجر اورماضی کے عظیم کھلاڑی حسن سردار میدان میں آگئے ہیں اور اپنے لیکچرز میںکھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
Load Next Story