انوشکا شرما فلم ’’پی کے‘‘ میں عامر خان کیساتھ جلوہ گر ہونگی

انوشکا شرما فلمی کیرئیر کا آغاز 2008میں فلم ’’رب نے بنادی جوڑی‘‘سے کیا.


Showbiz Desk May 22, 2013
فنی سفر کے لیے کوئی خاص پلاننگ نہیں کی،نئی فلم میں یادگار پرفارمنس ہوگی ،حقیقی زندگی میںبڑی شرمیلی ہوں،25سالہ بالی وڈ اداکارہ۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کی نئی فلم ''پی کے ''تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اس فلم کو رواں سال 25دسمبر کو سینمازگھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی اس فلم میں انوشکا شرما عامر خان کے ساتھ جلوہ گر ہونگی ۔فلم میں سنجے دت اور ارشد وارثی نے بھی اہم کردار نبھایاہے۔فلم کے پروڈیوسرز عامر خان اور راج کمار ہیرانی ہیں۔فلم کے اداکار و پروڈیوسر عامر خان نے اس پراجیکٹس پر 2012کے آغاز سے ہی کام کا آغاز کردیا تھا۔جولائی 2012کے دوران فلم کی لوکیشنز خود عامر خان نے فائنل کیں۔ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے کہا ہے کہ عامر خان اور انوشکا شرما کی اس فلم کی تاخیر کے حوالے سے تمام افواہیں بے بنیاد ہیں ،فلم کی شوٹنگ کے دوران نہ توموسمی خرابیاںحائل ہوئیں اور نہ ہی کوئی فنکار ڈیٹس نہ دینے کا سبب بنا۔انھوں نے کہاکہ فلم کی پوری ٹیم نے اپنا کام بروقت مکمل کروایا ہے۔

سال رواں کے آغازپربھی فلم کی شوٹنگز کا 45روزہ شیڈول کسی صورت متاثر نہیں ہوا ہے۔ اداکارہ انوشکا شرما نے کہا ہے کہ ''پی کے''ایک اچھی فلم ہوگی، اس میں بہت عمدہ اداکاری کرنے کا موقع ملا ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کردار کو یادگار بنانے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ جس قدر بااعتماد فلموں میں نظر آتی ہوں حقیقی زندگی میں اس کے برعکس ہوں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے ہدایت کار اور ساتھی فنکاروں کے تعاون اور حوصلے نے فلموں میں اعتماد دیا ہے تاہم حقیقی زندگی میں بہت شرمیلی لڑکی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ بنگلور سے آنے کے بعد کوئی خاص پلاننگ بھی نہیں کی۔انوشکا شرما نے کہا ہے کہ اداکاری سے عشق کرتی ہوں ۔ 2008میں بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے خواہش بھی فلم ''رب نے بنادی جوڑی'' میں پوری ہوگئی ۔گزشتہ برس فلم ''جب تک ہے جان'' میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔



لوگوں نے میری پرفارمنس کو پسند کیا اور آنیوالی فلموںکے لیے اپنے کام میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لیے محنت کرتی رہوں گی ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ یش چوپڑا کی آخری فلم میں اہم کردار نبھانے پر فخر ہے۔اور اسے اپنے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں سمجھتی ۔انھوں نے کہا کہ فلم کی کہانی میرے کردار کے گرد گھومتی ہے۔ نئی فلم میں آنجہانی یش چوپڑا سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔انوشکا شرما نے بتایا کہ ہر سینئر سے سیکھتی ہوں ۔مجھے سبھی نے پیار دیا ہے۔ کترینہ کیف نے بھی میرے ساتھ بہت تعاون کیا ان کی بھی ممنون ہوں ۔انھوں نے کہا کہ اس لحاظ سے بھی خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ جن فلموں میں کام کیا ان میں میری پرفارمنس کو سراہا گیا ہے۔ اداکاری کے فن کو سیکھنے کی لگن رہی ہے اور اپنے کام پر بہت زیادہ دھیان دیتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ نامور اور سینئر ہدایتکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رہی ہے ۔

میں اپنی ہر خواہش اور خواب کو مکمل ہوتا دیکھ رہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ مجھے اداکاری سے محبت ہے اور اپنے کام سے عشق کرتی ہوں ۔بالی وڈ میں جو چاہا تھا وہ بھی ملا اور جس کی کبھی تمنا بھی نہ کی تھی وہ بھی ملا ہے ۔کامیابیوں پر بہت خوش ہوں ۔فلم کی ریلیز پر مجھے سچی خوشی ملی ہے اس فلم میں آنجہانی یش چوپڑا کے خواب بھی پورے ہوئے۔ شاہ رخ خان کی پرفارمنس کو بہت پسند کیا گیا ہے مجھے خود ان کی اداکاری بہت پسند ہے۔ مجھے اس بات کی بڑی خوشی ہے کہ میں نے بالی وڈکے بڑے لوگوں کے ساتھ کام کیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم مئی 1988کو بھارتی آرمی افسر کرنل(ر) اجے کمار کے گھر بنگلور اترپردیش میں پیدا ہونے والی 25سالہ اداکارہ انوشکا شرما نے کیرئیر ماڈلنگ سے شروع کیا۔ 2008 میں تین فلمیں سائن کیں ان میں اداکارہ کی فلم ''رب نے بنادی جوڑی'' اور ''بینڈ باجہ بارات'' پر بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا ۔اس کے بعد 2010میں فلم ''بدمعاش کمپنی ''کی۔ 2011 میں فلم''پٹیالہ ہاؤس''میں پرفارم کیا۔اسی دوران فلم ''لیڈی ورسز رکی بھل ''میں عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیتے۔اور پھر فلم ''جب تک ہے جان ''میں جلوہ گر ہوئیں۔ اداکارہ کی دو فلمیں'' پی کے'' اور ''ممبئی ویلوٹ''کی ریلیز کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ان میں ''پی کے'' رواں سال ہی ریلیز کی جائے گی جب کہ ''ممبئی ویلوٹ'' کو 2014کے آغاز پر سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں