فالٹس24گھنٹوں میں بھی درست نہیں ہو رہے بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو اذیت کاسامنا

امتحان کی تیاریوں میں مصروف طلباکوشدیددشواری کاسامنا،رات کےاوقات میں لوڈشیڈنگ پرپابندی عائدکی جائے،شہریوں کا مطالبہ.

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ناظم آباد پاپوش نگر میں شہر یوں نے آگ لگا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کیا ہوا ہے (فوٹو ایکسپریس)

شہر میں کے ای ایس سی کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

جس سے شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، فالٹس کی درستگی 24 گھنٹوں میں بھی نہیں ہو رہی ہے، تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی کی جانب سے شہر میں تاریخ کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بعض علاقوں میں ہر دو گھنٹے کے بعد ڈھائی گھنٹے، بعض علاقوں میں ہر دو گھنٹے کے بعد تین گھنٹے اور بعض علاقوں میں ہر تین گھنٹے کے بعد ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، محمودآباد میں منگل کو صبح گیارہ بجے بجلی گئی اور دو بجے آئی اس کے بعد سہہ پہر تین بجے بجلی گئی اور شام 7بجے بجلی بحال ہوئی۔

طویل لوڈ شیڈنگ سے علاقے میں شہریوں کا برا حال ہوگیا، ایف سی ایریا، بھنگوریہ گوٹھ، لیاقت آباد نمبر 9 ، موسی کالونی کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقوں میں فالٹس کی تعداد بڑھ گئی ہے اور کیبل فالٹس، وولٹیج کم بڑھتی ہونے اور تار گرنے کی صورت میں کمپلینٹ درج کرانے کے باوجود کے ای ایس سی کا عملہ چوبیس گھنٹے میں بھی متاثرہ مقام پر نہیں پہنچتا ہے۔




منگل کو شہر کے مختلف علاقوں اورنگی ٹائون، قصبہ کالونی، چاکیواڑہ، لیاری، گلبائی، شیرشاہ، ماری پور، سلطان آباد، شیریں جناح کالونی، منگھوپیر، فرنٹیئر کالونی، مومن آباد کے مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں سات گھنٹے کی دن میں اور پانچ گھنٹے کی رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

موسی کالونی، ایف سی ایریا اور بھنگوریہ گوٹھ کے مکینوں نے شکایت کی ہے مذکورہ علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور شہری خصوصاً خواتین، بچے اور نوجوان راتیں جاگ کر گزار رہے ہیں، طلبا و طالبات کو اپنے امتحانات کی تیاریوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ پر مکمل پابندی عائد کی جائے، قصبہ کالونی، چاکیواڑہ اور پاک کالونی کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ بجلی پوری پوری رات غائب رہتی ہے اور شہری گلیوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر سوکر راتیں گزار رہے ہیں، سلطان آباد، کھارادر، رنچھوڑلائن، ایمپریس مارکیٹ، لائنز ایریا، سولجربازار اور جمشید روڈ کے علاقوں میں بھی کے ای ایس سی کی جانب سے چھ سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،گلستان جوہر، گلشن اقبال اور ڈالمیا کے علاقوں میں بھی چھ سے آٹھ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
Load Next Story