کرپشن کیس پنڈورا باکس کھلنے لگا بالی ووڈ بھی لپیٹ میں آگیا

حوالہ آپریٹر کو بھی دھر کر سوا کروڑ سے زائد رقم برآمد کر لی گئی، شری شانتھ، چنڈیلا، چھاون ودیگر افرادکو عدالت نے۔۔۔

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار ہونے والے اداکار وندو دارا سنگھ کا ایک فلمی پوز۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
آئی پی ایل کرپشن کیس کا پنڈورا باکس کھلنے لگا، بالی ووڈ بھی اس کی لپیٹ میں آگیا۔

اس سلسلے میں گذشتہ روزاداکار وندو دارا سنگھ کو سٹے باز سے تعلقات کے الزام میں گرفتار کر لیاگیا، اسکینڈل کی شکار ٹیم راجستھان رائلز کی اونر شلپا شیٹھی کی بھی نیندیں اڑنے لگی ہیں، آئندہ چند روز میں چند بڑے نام بھی سامنے آنے کا امکان ہے،پولیس نے حوالہ آپریٹر کو بھی دھر کر سوا کروڑ سے زائد رقم برآمد کر لی، اسکینڈل میں ملوث پیسر شری شانتھ و دیگر افراد کو گذشتہ روز عدالت نے مزید5 روز کے ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کر دیا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے آئی پی ایل کے بقیہ میچز پر پابندی لگانے کی درخواست مسترد کر دی، بھارتی بورڈ کی باز پرس کرتے ہوئے دو ہفتے میں کیس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کرپشن کیس میں کئی فلمی شخصیات کے بھی ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی تھیں، گذشتہ روز اس کی تصدیق بھی ہو گئی جب پولیس نے اداکار وندو دارا سنگھ کو سٹے باز سے تعلقات کے الزام میں گرفتار کر لیا، سینئر پولیس آفیسر ستیانارائن چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ وندو کا چند بکیز سے رابطہ تھااسی وجہ سے ہم نے اسے گرفتار کیا،انھوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے انکارکردیا، بعدازاں وندو کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے 24 مئی تک پولیس کی حراست میں دے دیا گیا۔

یاد رہے 49 سالہ وندو آنجہانی پہلوان و اداکار دارا سنگھ کے بیٹے ہیں،وہ کئی فلموں اور ڈرامہ سیریلز میں کام کر چکے،2009 میں انھوں نے ریالٹی شو بگ باس کا تیسرا ایڈیشن بھی جیتا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وندو نے سٹے بازی کا اعتراف بھی کر لیا،انھیں بکی ویاس اور کرکٹرز کا مڈل مین قرار دیا جا رہا ہے۔




حالیہ پیش رفت سے اسکینڈل کی شکار ٹیم راجستھان رائلز کی اونر شلپا شیٹھی کی بھی نیندیں اڑنے لگی ہیں، پولیس نے منگل کو اس کیس میں مزید دو گرفتاریاں بھی کیں، ان میں سے ایک گرفتار شدہ بکیز کا حوالہ آپریٹر الپش پٹیل ہے، اس کے قبضے سے ایک کروڑ28لاکھ روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔ ادھر شری شانتھ کو مزید 5 روز تک پولیس کا مہمان بنے رہنا ہو گا، منگل کو ان سمیت کیس میں گرفتار دیگر دو آئی پی ایل پلیئرز اور بکیزکو دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے ان تمام پر دفعہ409 کے تحت کیس بھی درج کرلیا جو ناقابل ضمانت ہے، اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے آفیسرز گذشتہ روز شری شانتھ کو جے پور لے گئے، وہاں یہ تمام لوگ ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں بھی گئے،وہاں سے برآمد شدہ اشیا یا دیگر تفصیلات کا علم نہیں ہو سکا۔

دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ نے آئی پی ایل کے بقیہ میچز نہ کرانے کیلیے دائر پٹیشن خارج کر دی، کرکٹ شائق اور سماجی کارکن سدارش آوستی نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے تناظر میں درخواست دائر کی تھی کہ فائنل سمیت ایونٹ کے دیگر تمام میچز کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی جائے، مگر عدالت نے فیصلہ سنایا کہ مقابلے شیڈول کے مطابق ہوں گے،اسی کے ساتھ بھارتی کرکٹ بورڈ سے کہا گیا کہ وہ 2 ہفتوں کے دوران رپورٹ جمع کرائے جس میں اسکینڈل اور شامل کھلاڑیوں اور ان کیخلاف ہونے والی کارروائی کی تفصیلات درج ہوں، جج نے ریمارکس دیے کہ کرکٹ جنٹلمین کھیل ہے اور اسے ایسا ہی رہنا چاہیے۔

آوستی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی جڑوں تک پہنچنے کیلیے خصوصی تحقیقات اور آئندہ سال سے آئی پی ایل پر پابندی بھی چاہتے تھے مگر عدالت نے ان کے مطالبے میں کوئی میرٹ نہیں پائی، جج نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ دہلی ہائی کورٹ اسی طرح کی ایک اور درخواست پر بدھ کو سماعت کرے گا، جس میں کرپشن روکنے کے فول پروف انتظامات تک ایونٹ پر پابندی کی استدعا کی گئی ہے۔
Load Next Story