یوسف نے قومی ٹیم کا کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کردی

فیصلہ نئی حکومت کی جانب سے بورڈ میں لائے گئے لوگ دیکھ کر کروں گا، بیٹسمین

اگر سچن ٹنڈولکر پاکستان میں ہوتا تو اسے بھی7 سال پہلے گھر بٹھا دیا جاتا، محمد یوسف فوٹو: فائل

محمد یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کردی، سابق کپتان کے مطابق فیصلے کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ نئی حکومت بورڈ میں کس طرح کے لوگ لاتی ہے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اپنے کیریئر میں ہمیشہ پاکستان کیلیے خدمات سرانجام دیں، کبھی ریکارڈ بنانے کیلیے نہیں کھیلا، بدقسمتی سے اب کھرے کھوٹے کی پہچان ختم ہوگئی، مار دھاڑ کرنے والوں کو ہیرو بنا دیا جاتا ہے، کرکٹ ایک تکنیکی کھیل ہے، پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا، ملک کیلیے کچھ مزید کرنا چاہتا تھا مگر ایسا کرنے نہیں دیا گیا، خواہش تھی کہ ٹیم میں رہ کر نئے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کے وہ گْر سکھاؤں جو میں نے اپنے سینئرز انضمام الحق اور سعید انور سے سیکھے، مگر بدقسمتی سے گزشتہ چند برس میں تمام اچھے کھلاڑیوں کو اٹھا کر ٹیم سے باہر پھینک دیا گیا، اگر سچن ٹنڈولکر پاکستان میں ہوتا تو اسے بھی7سال پہلے گھر بٹھا دیا جاتا۔




یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 39 سنچریاں بنانے والے محمد یوسف کا کیریئر بمشکل 12 برس پرمحیط رہا، گزشتہ سیزن میں پراسرار طور پر انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی بھی اجازت نہ مل سکی،سابق کپتان نے کوچ بن کر بیٹنگ کا فن اگلی نسلوں کو منتقل کرنے کی خواہش ظاہر کی مگر انھیں کچھ تحفظات بھی ہیں،انھوں نے کہا کہ پی سی بی میں کام کرنے کا داورمدار اس بات پر ہوگا کہ نئی حکومت بورڈ میں کس طرح کے لوگ لاتی ہے، ملک میں اعلیٰ پائے کے بیٹسمینوں کی نایابی کے بارے میں محمد یوسف نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 اور ماردھاڑ کرنے والوں کی پیروی ہوگی تو بیٹسمین کہاں سے آئیں گے، انہوں نے اسد شفیق کو بہترین موجودہ پاکستانی بیٹسمین قرار دیا۔یوسف 2 مرتبہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے، گذشتہ روز بھی میڈیا میں ایسی ہی اطلاعات گردش میں رہیں مگر انھوں نے کہاکہ کسی قسم کی کرکٹ کھیل ہی نہیں رہا تو ریٹائرمنٹ کیسی۔
Load Next Story