پاکستان فٹبال ٹیم نے 44 سال بعد کامیابی کا مزہ چکھ لیا

نیپال کو شکست دے کر قومی ٹیم نے 1974 کے بعد ایشین گیمز میں پہلی فتح حاصل کی ہے


Sports Reporter/Sports Desk August 19, 2018
کپتان صدام حسین نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی،فوٹو: سوشل میڈیا

ایشین گیمزمیں پاکستان فٹبال ٹیم نے 44 سال بعدکامیابی کا مزہ چکھ لیا، گرین شرٹس نے نیپال کو 2-1 سے شکست دی۔

ایشین گیمز کے فٹبال ایونٹ میں ابتدائی دو میچوں میں ناکامیوں کا سامنا کرنے کے بعد پاکستان نے بالاخر نیپال کیخلاف کامیابی سمیٹ ہی لی، جکارتہ میں ہونے والے اس میچ کے پہلے ہاف تک کھیل خاصی سست روی کا شکار رہا، تاہم دوسرے ہاف میں گرین شرٹس نے غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے 2-1 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔

گیارہویں منٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنے ہی کھلاڑی کی غلطی کے باعث ایک گول کے خسارے میں چلی گئی ، یہ خسارہ پہلے ہاف تک برقرار رہا، دوسرے ہاف کا کھیل شروع ہوتے ہی پاکستان نے بھرپور انداز میں مخالف ٹیم پر حملوں کا آغاز کر دیا، 54ویں منٹ میں محمد بلال نے گیند کو نیپالی ٹیم کے نیٹ کی راہ دکھاتے ہوئے حساب برابر کیا۔

گرین شرٹس نے اچھا کھیل جاری رکھا اور 72ویں منٹ میں ٹیم کے کپتان صدام حسین نے پنالٹی کک کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچاکر قومی ٹیم کو برتری دلادی جو میچ ختم ہونے تک قائم رہی، نیپال کے خلاف جیت نے پاکستان کے ایشین گیمز میں اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات کو بھی روشن کردیا۔

ادھر تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں،ٹیم کوچز اور تمام پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لیے تمام ممکنہ وسائیل مہیا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دوسری جانب ہاکی ایونٹ میں مقابلوں کا آغاز پیر سے ہورہا ہے، پاکستانی ٹیم افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی،ٹیم منیجمنٹ تھائی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہے، عہدیداروں کے مطابق ایشین گیمز کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھر پور تیاریاں کروائی گئی ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے واضح میچ سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے، ایشیائی ایونٹ کی فاتح ٹیم ٹوکیو اولمپکس 2020 تک براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں گی۔

ایونٹ کے تمام میچز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے گلورا بنگ کارنو اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے، مردوں کی 11 ٹیموں کو2 گروپس میں رکھا گیا ہے، پول اے میں کوریا، جاپان، سری لنکا اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیموں کوشامل کیا گیا ہے جبکہ پول بی میں ملائیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، اومان ، تھائی لینڈ اورانڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں، خواتین کے مقابلوں میں 10ٹیمیں میدان میں اتریں گی، پول 'اے' میں چین، جاپان، ملائیشیا، ہانگ کانگ چائنہ اورچائینز تائپے جبکہ پول 'بی' میں بھارت، کوریا، تھائی لینڈ، قازقستان اورانڈونیشیا شامل ہیں۔

افتتاحی روز 5 میچزکھیلے جائیں گے، ابتدائی میچ کوریا اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، اسی روز جاپان اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی برسرپیکار ہوں گی، بنگلہ دیش کا مقابلہ اومان کے ساتھ شیڈول ہے، ملائیشیا کا میچ انڈونیشیا کے ساتھ ہوگا، پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22اگست کواومان، تیسرا میچ 24اگست کوقازقستان ، چوتھا میچ 26 اگست کوملائیشیا جبکہ پانچواں اورآخری میچ 28اگست کوبنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی۔

دونوں گروپ سے ٹاپ دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز 30اگست کوکھیلے جائیں گے، دوٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل یکم ستمبرکوشیڈول ہے اور اسی روزکانسی کے تمغے کیلیے بھی میچ کھیلا جائیگا۔

ادھر ایونٹ کے ابتدائی مقابلے سمیت دوسری سائیڈز کیخلاف نتائج اپنے نام کرنے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ابتدا میں انڈونیشیا پہنچ کرگرین شرٹس کا تربیتی کیمپ لگایا گیا جس میں غیر ملکی قومی کوچ رولینٹ اولٹمنز نے محمد ثقلین اور ریحان بٹ کے ساتھ ملکربھرپور خصوصی مشقیں کروائیں، پلیئرز کو مکمل طور پر فٹ کرنے کے لیے ملائیشیا کے فزیوتھراپسٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

قومی ٹیم کی گیم میں مہارت اور فٹنس کو جانچنے کے لیے دو پریکٹس میچزکا بھی اہتمام کیا گیا،دونوں مقابلوں کے دوران گرین شرٹس فتوحات سمیٹنے میں کامیاب رہے۔دوسری جانب تھائی لینڈ کے خلاف پیر کو شیڈول میچ کے لیے پاکستان نے گزشتہ روز بھی بھر پور ٹریننگ کی۔ ابتدا میں کھلاڑیوں کو جم ٹریننگ کروائی گئی، بعد ازاں ٹیم نے گرائونڈ میں جاکر بھر پور پریکٹس کی۔

پاکستانی اسکواڈ کی قیادت محمد رضوان سینئرکر رہے ہیں جبکہ دوسرے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، عماد شکیل بٹ، امجد علی، علی شان، اعجاز احمد، ابوبکر، عرفان سینئر، محدم دلبر، تصور عباس، شفقت رسول، راشد محمود، مشبر علی، محمد توثیق ارشد، محمد عمر بھٹہ، عتیق ارشد، جنید منظور اور محمد فیصل قادر شامل ہیں۔ پاکستان کو ایشین گیمز کے دوران اب تک 7 بار گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔

ادھر ٹیم منیجمنٹ تھائی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہے، عہدیداروں کے مطابق ایشین گیمز کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھرپور تیاریاں کروائی گئی ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے واضح میچ سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے،ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں فتح سے نہ صرف کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا بلکہ ٹیم ایونٹ کے شیڈول دوسرے میچز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/footballpakistan/videos/833592613510579/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں