اختر رسول ورلڈ کپ تک چیف کوچ برقرار رہیں گے

حکام نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر آمادہ کرلیا، مستعفی ہونے کا فیصلہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں واپس لیا، سابق اسٹار


Sports Reporter May 22, 2013
حکام نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر آمادہ کرلیا، مستعفی ہونے کا فیصلہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں واپس لیا، سابق اسٹار فوٹو: فائل

پی ایچ ایف حکام نے اختر رسول کو راضی کرلیا، سابق کپتان ورلڈ کپ2014 تک چیف کوچ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

اختر رسول کے مطابق مستعفی ہونے کا فیصلہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں واپس لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف نے آئندہ سال ہالینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے ٹیم مینجمنٹ کو برقرار رکھا تاہم ارشد حسین گول کیپر کوچ اور عدنان ذاکر ٹرینرکی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ٹیم مینجمنٹ ضرورت پڑنے پر سابق اولمپئن طاہر زمان کی خدمات کسی وقت بھی حاصل کر سکتی ہے۔ یہ اہم فیصلے گزشتہ روز پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اجلاس میں کیے گئے۔ نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں قاسم ضیا کی زیرسربراہی میٹنگ میں سیکریٹری فیڈریشن محمد آصف باجوہ، چیف کوچ و منیجر چوہدری اختر رسول، کوچ حنیف خان اور پی ایچ ایف کنسلٹنٹ طاہر زمان نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران اختر رسول نے سیاسی مصروفیات کی بنا پر چیف کوچ کی ذمہ داری نبھانے سے معذرت کرلی، ان کا موقف تھا کہ کوچنگ فل ٹائم جاب ہے اور وہ سیاست کو وقت دینا چاہتے ہیں، دہری ذمہ داری کی وجہ سے وہ سیاست کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتے، اس موقع پر صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کے تابناک مستقبل کیلیے پی ایچ ایف کو آپ کی ضرورت ہے، اس بات کی تائید میٹنگ میں موجود دیگرعہدیداروں نے بھی کی۔ اجلاس میں قومی ٹیم کی ماضی کی کارکردگی اور مستقبل پلان کے بارے میں بھی تفصیلی غور کیا گیا، ورلڈ کپ کوالیفائرز کیلیے کیمپ دو مرحلوں میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ قومی جونیئر ٹیموں کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر ارشد حسین کوگول کیپر کوچ اور عدنان ذاکر کو ٹرینر و نیوٹریشن کی ذمہ داریاں دی گئیں۔



اجلاس کے بعد پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کوچ حنیف خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں قومی ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ 2014 کے ورلڈ کپ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کی منظوری پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیا نے دیدی اور گورننگ بورڈ سے بھی فیصلے کی توثیق کرائی جائے گی ۔انھوں نے بتایا کہ ہیڈ کوچ اختر رسول اپنے عہدے سے استعفی نہیں دے رہے، وہ 2014 کے ورلڈ کپ تک فرائض سر انجام دینگے، کوچ طاہر زمان کی جب ٹیم مینجمنٹ کو ضرورت ہوگی وہ خدمات حاصل کریں گے ۔آصف باجوہ نے بتایا کہ ہیڈ کوچ اختر رسول نے ٹیم مینجمنٹ میں ٹرینر نیوٹریشن اور گول کیپر کوچ کی تعیناتی کا مطالبہ کیا جسے منظور کرلیا گیا ہے ، عدنان ذاکر ٹرینر و نیوٹریشن اور ارشد گول کیپر کوچ ہوں گے۔

آصف باجوہ نے بتایا کہ ورلڈ ہاکی لیگ کی تیاری کیلیے ٹیم مینجمنٹ کے مشورے سے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ دو مرحلوں میں لگایا جائے گا، پہلا19 مئی سے ایبٹ آباد اور دوسرا 18 جون سے کراچی میں لگے گا، ٹیم 29 جون سے ملائیشیا میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے 23 جون کو روانہ ہوگی ۔ اس موقع پر اختر رسول نے کہا کہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں چیف کوچ پر بدستور کام کرنے کی حامی بھری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف2014 کا ورلڈ کپ ہے،عوامی توقعات کے مطابق نتائج دینے میں کامیاب رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں