لوڈشیڈنگ کا فوری حل ممکن نہیں مرحلہ وار قابو پائینگے سرتاج عزیز

نگراں حکومت بجلی مہنگی نہ کرتی،کائرہ،قیمت بڑھانا مسئلہ کا حل نہیں، اسد عمر


Monitoring Desk May 22, 2013
بجلی چوری کو روکنا ہوگا، فرخ سلیم’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر مکمل حل ممکن نہیں لیکن ہم مرحلہ وار لوڈشیڈنگ کو جلد سے جلد کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

ایکسپریس نیو ز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ سرکلر ڈیٹ کم کرنے میں کچھ وقت تو لگے گا، ہمیں توانائی بحران سے نجات کیلئے ہول سیل مارکیٹ بنانی پڑیگی، پرائیویٹ سیکٹر کو فعال کرنا ہوگا، ٹرانسمشن لاسز اور چوری کو کنٹرول کرنا ہوگا، بجلی بحران سے نمٹنے کے بنیادی حل بھی موجود ہیں اور فنانشل حل بھی موجود ہیں، ہمارا لائحہ عمل اگلے چند روز میں سامنے آجائیگا۔ سابق وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہماری پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم میاں نوازشریف کے ہر اچھے فیصلے کو سپورٹ کریں گے۔

ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں، ان کو کام کرنے کا بھرپورموقع ملنا چاہئے۔ میاں نوازشریف نے خزانہ خالی اور سرکلرڈیٹ کی بات کی ہے تو میں بتا دوں کہ جب ہم نے چارج چھوڑا اس وقت خزانہ خالی نہیں تھا، رہی بات سرکلر ڈیٹ کی تو جب ہم اقتدار میں آئے تھے اس وقت بھی سرکلر ڈیٹ تھا اور یہ ہر روز کی بنیاد پر بڑھتا ہے یہ کوئی نیا ایشو نہیں۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔



نئی حکومت بنے والی تھی یہ فیصلہ اس کو کرنا چاہئے تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ صرف بجلی کی قیمت بڑھانے سے بجلی کا بحران حل نہیں ہوگا، اب تک بجلی کی 87 فی صد تک قیمت بڑھائی جاچکی ہے اگر قیمت بڑھائی تو چوری بھی بڑھ جائیگی، لائن لاسز اور چوری کو کنٹرول کرکے 12 فی صد تک فوری بہتری لائی جاسکتی ہے۔

ن لیگ اور پی ٹی آئی نے مشترکہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ بجلی کے بحران کو اپنے وسائل کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے اچھی بات یہ ہے کہ بہتر مینجمنٹ کے ذریعے تین سے چار سال میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم ہوسکتی ہے، سب کو امید کرنی چاہئے کہ نئی حکومت کامیاب ہوگی لیکن ہمیں بالکل فراخدل نہیں ہونا چاہئے، بجلی کا مسئلہ پورے ملک کی حکومت اور گورننس کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ تجزیہ کار فرخ سلیم نے کہا کہ سب سے پہلے بجلی چوری کو روکنا ہوگا، وفاق سب سے زیادہ بجلی چوری کرتا ہے، بہت سے محکمے اپنی پراگریس شو کرنے کیلئے بجلی کا بل ہی نہیں دیتے، فرنس آئل کے پیسے کھائے جارہے ہیں تاریں ٹرانسفارمر میٹر سب بک رہے ہیں اگر صرف چوری کو روک لیا جائے تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں