کوفی عنان انتقال کر گئے

سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے کوفی عنان ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے انسداد کے عالمی فنڈ قائم کرنے میں معاون بنے۔


Editorial August 19, 2018
سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے کوفی عنان ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے انسداد کے عالمی فنڈ قائم کرنے میں معاون بنے۔ فوٹو : فائل

اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل، کوفی عنان اگلے روز سوئٹزر لینڈ میں انتقال کر گئے۔ ان کی بے پناہ انسانی خدمات اور قیام امن کی کوششوں کی بنا پر انھیں نوبل انعام سے بھی نوازا گیا۔ ان کی عمر اسی برس تھی۔

اقوام متحدہ کے موجودہ سربراہ انتونیو گئیترس نے کوفی عنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھلائی کے راستوں پر چلنے والوں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے تھے۔ کوفی عنان ایک عالمی مدبر تھے جنھیں بین الاقوامیت کو فروغ دینے کی سچی لگن تھی۔

کوفی عنان افریقہ کے ملک گھانا میں پیدا ہوئے' وہ اقوام متحدہ کے پہلے سیاہ فام سیکریٹری جنرل تھے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کی 1997ء سے 2006ء تک یعنی نو برس سربراہی کی۔ وہ اقوام متحدہ کے عملے میں سے ابھرنے والے پہلے اہلکار تھے جو سیکریٹری جنرل کے عہدے تک پہنچے۔

سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے کوفی عنان ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے انسداد کے عالمی فنڈ قائم کرنے میں معاون بنے؛ اْن کے دور میں دہشت گردی کے انسداد کی عالمی ادارے کی پہلی حکمت عملی سامنے آئی؛ جب کہ رکن ممالک نے نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے خلاف اقدامات کی منظوری دی، جن کے وہ روح رواں تھے۔ اْن کی جانب سے 1999ء میں قائم کردہ عالمی عہد مستند سماجی ذمے داری سب سے بڑی عالمی کوشش ثابت ہوئی۔

گھانا کے صدر، نانا اکوفو ادو نے ملک میں ہفتے بھر کا سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔اْنہوں نے کہا کوفی عنان اپنے عہد کے سب سے بڑی شخصیات میں سے تھے۔ اْنہوں نے گھانا کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے حصول کی راہ کا تعین کیا۔ کوفی عنان پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک کے عوام کے لیے گہری ہمدردی رکھتے تھے اور انھوں نے ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی بساط کے مطابق انتھک جدوجہد کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔