بلڈر مافیا کا طاقتور اور بااثر گروپ ایک بار پھرسرگرم

پرانے پروجیکٹ ثمینہ ریزیڈنسی پر المدینہ رائل کاٹیجز کے نام سے بکنگ شروع کر دی


Staff Reporter August 20, 2018
گرین اسٹون بلڈرز کے پاس آباد کی رکنیت نہیں، متعلقہ اداروں سے کارروائی کا مطالبہ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی میں بلڈر مافیا کا بااثر اور طاقتورگروپ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا،اسکیم 33 میں 9 سال قبل ثمینہ ریزیڈنسی کے نام پر شہریوں سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹورنے کے بعد اب اسی مقام پر المدینہ رائل کاٹیجز کے نئے نام سے بکنگ شروع کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق کراچی میں بلڈر مافیا نے ایک بار پھر سادہ لوح شہریوں کو اپنے گھر کا سہانا خواب دکھا کر ان کی عمر بھر کی کمائی ہڑپ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے اسکیم 33 کے سیکٹر نمبر34-A پر 2009میں ثمینہ ریزیڈنسی کے نام سے پروجیکٹ شروع کیا گیا جس کی مختلف ذرائع ابلاغ میں تشہیر کر کے شہریوں سے بکنگ کی مد میں بھاری رقوم وصول کی گئیں تھیں،تاہم مذکورہ اراضی پر نہ ہی کوئی پروجیکٹ بن سکا اور نہ ہی شہریوں کو قبضہ دیا جاسکا تاہم 9 سال بعد اسی مقام پر المدینہ رائل کاٹیجزکے نئے نام سے پروجیکٹ کی بکنگ شروع کردی گئی ہے اور اس مرتبہ تشہیر کیلیے سوشل میڈیا،کیبل ٹی وی اور دیگر ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اسکیم 33میں نئے نام سے شروع کیے جانے والے المدیہ رائل کاٹیجز نامی پروجیکٹ کی بکنگ کے لیے نہ صرف سائٹ آفس تعمیر کیا گیا ہے بلکہ شہریوں کو متوجہ کرنے کے لیے لائٹنگ بھی کی گئی ہے۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ناکلاس نمبر21 پر پہلے ثمینہ ریزیڈنسی اور اب المدینہ رائل کاٹیجز کے نئے نام سے پروجیکٹ شروع کرکے شہریوں کی عمر بھر کی کمائی ایک مرتبہ پھر لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ اراضی پر دو پارٹنرز کے مابین اختلافات کے باعث عدالت عالیہ میں دو مقدمات زیر سماعت ہیں اس کے باوجود انتہائی دیدہ دلیری سے نئے نام سے پروجیکٹ شروع کر کے شہریوں کو کھلے عام لوٹنے کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے اور اس سلسلے میں سندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی جو کہ کسی مکان کی تعمیرات دو فٹ باہر نکلنے پر کارروائی اور نوٹس جاری کرتا ہے پراسرار طور پر خاموش ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پروجیکٹ کی ایس بی سی سے این او سی حاصل کیے بغیر انتہائی منظم انداز میں شہریوں کو عمر بھر کی کمائی سے محروم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

ایسوسی ایشن بلڈرز اینڈ ڈیولپر (آباد)کے قریبی ذرائع نے المدینہ رائل کاٹیجز کے نام سے پروجیکٹ کرنے والے گرین اسٹون بلڈرز کے حوالے سے انکشاف کیا کہ مذکورہ بلڈر کے پاس آباد کی ممبر شپ بھی نہیں ہے ،آباد ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر لائسنس یافتہ بلڈرز شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں اور اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،آباد نے متعلقہ اداروںسے فوری اور سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔