اسکارف پِن اسے اسکارف یا دوپٹے کی زینت ضرور بنائیے مگر احتیاط سے

اسکارف پن کا انتخاب اپنے اسکارف کو سامنے رکھ کر کیجیے۔


اسکارف پن کا انتخاب اپنے اسکارف کو سامنے رکھ کر کیجیے۔ فوٹو: فائل

آج کل نوجوان لڑکیوں میں اسکارف پن بے حد مقبول ہورہی ہے۔ بہ ظاہر چھوٹی سی نظر آنے والی یہ پن چہرے کے گرد لپٹے اسکارف یا دوپٹے کو مزید جاذب نظر بنا دیتی ہے۔

کچھ عرصے پہلے تک عام سی سادہ پنیں ہوا کرتی تھیں، مگر بدلتے فیشن کے ساتھ ساتھ ان سادہ پنوں کی جگہ کامدار اور خوب صورت فینسی پنوں نے لے لی۔ موٹے موٹے بنچ جڑی یہ پنیں چہرے کے حسن کو پرکشش بنانے لگیں تو لڑکیاں بالیاں جیسے ان کے حسن میں کھوسی گئیں۔ اسکارف لینا بھی ان پنوں کے بغیر ادھورا سمجھا جانے لگا۔ آج جس لڑکی کو بھی دیکھیں، ہنستے مسکراتے چہرے پر لپٹے اسکارف کو خوب صورت پن سے سجائے بے حد بھلی لگتی ہے۔

اسکارف پن کا انتخاب اپنے اسکارف کو سامنے رکھ کر کیجیے۔ اگر آپ کا اسکارف پرنٹڈ نہیں ہے اور کالے سیاہ رنگ کا ہے تو آپ اس کے لیے سفید نگ جڑی پن لیجیے۔ مختلف شیڈز والے اسکارف پر کلر فل نگوں سے سجی پن لگائیے۔ آپ ہلکے رنگ کا اسکارف لے رہی ہیں تو اس کی ہم رنگ پن لیجیے، لیکن خیال رہے کہ پن کا رنگ اسکارف کی بہ نسبت تیز، شوخ اور گہرا ہو۔ اپنے عبایا کو نیا لک دینا چاہتی ہیں تو آپ عبایا کے درمیان لمبائی میں تھوڑا تھوڑا فاصلہ رکھ کر تین سے چار عدد ایسی پنیں لگائیے جن کے سائیڈ پر رنگ بہ رنگی موتیوں والی جھالر کی صورت لٹکتی ہوں۔

آپ کا یہ دل کش انداز آپ کو تو چار چاند لگائے گا ہی، بلکہ دیکھنے والوں کو بھی خوب بھائے گا۔ آپ اپنے سیدھے سادے جوتوں کو نیا اسٹائل دینا چاہیں تو آپ جوتوں، سینڈلز ، پمپی پر بھی عین سامنے یہ پنیں لگا کر کچھ بناسکتی ہیں۔ پرس، ہینڈ بیگزپر بھی آپ یہ پنیں لگا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ دوپٹے کو ایک سائیڈ سے کندھے پر ڈال کر یہ اسکارف پن سامنے کی طرف لگالیجیے اور دوسرے کندھے پر بالوں کو کھول کر پھیلا لیجیے۔

آپ کا یہ معصومانہ حسن بھی آپ کو خوب نکھار بخشے گا، غرض یہ کہ اپنی سمجھ داری اور ذوق سے ان پنوں کو مختلف طرح سے مختلف انداز میں سجاسکتی ہیں لیکن اسکارف اتارنے کے بعد یہ احتیاط ضرور کریں کہ ان پنوں کو اسکارف سے نکال کر محفوظ جگہ پر رکھ دیں،کیوں کہ بے دھیانی میں اسکارف لیتے ہوئے وہ پن آپ کے ہاتھوں کو نقصان پہنچاسکتی ہے۔ اکثر لڑکیاں ان پنوں کو بے پروائی سے کہیں بھی ڈال دیتی ہیں یا پھر صوفوں پر پردوں میں کہیں اٹکادیتی ہیں جس کے بعد گھر کا کوئی بھی فرد چاہے وہ بچے ہوں یا بڑے، انجانے میں ان پنوں سے زخمی ہوجاتے ہیں۔

مطلب یہ کہ ہماری ذرا سی بے احتیاطی ہمیں کتنے بڑے مسئلے سے دوچار کرسکتی ہے۔ چھوٹے بچے چمکتی دمکتی چیز سے فوراً متاثر ہوجاتے ہیں، اگر آپ کی گود میں چھوٹا بچہ ہو تو اسکارف پن لگانے سے محتاط رہیے۔ بچہ آپ کے اسکارف سے پن کھینچنے کی کوشش کرسکتا ہے جس کے نتیجے میں آپ کا چہرہ یا آنکھیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ ان پنوں کو اپنے اسکارف یا دوپٹے کی زینت ضرور بنائیے، مگر ذرا احتیاط سے...

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں