چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے استعفیٰ دے دیا

استعفیٰ دینے کے لیے وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظار کر رہا تھا، نجم سیٹھی


Sports Desk August 20, 2018
استعفیٰ دینے کے لئے وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظار کر رہا تھا، نجم سیٹھی ۔ فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کو بھی گورننگ بورڈ سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا استعفیٰ پوسٹ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے لکھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین نامزد کیا تھا اور گورننگ بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا، استعفیٰ دینے کے لئے وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظار کر رہا تھا اب رضاکارانہ طور پر استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :چیئرمین پی سی بی کا ہما احسان مانی کے سر بیٹھنے کا امکان روشن

نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میری نیک تمنائیں پی سی بی اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں عید کی مبارک باد دیتے ہوئے ''پاکستان زندہ باد'' بھی لکھا۔



عمران خان لیجنڈ کرکٹر ہیں انہیں فری ہینڈ ملنا چاہیے

نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کے لیجنڈ ہیں ان کا ایک ویژن ہے انہیں کرکٹ میں فری ہینڈ ملنا چاہیے کہ وہ اپنے ویژن پر کس طرح عمل درآمد کرنا چاہتے ہیں اور کون سی ٹیم بنانا چاہتے ہیں یہ ان کا حق ہے اور اس میں کرکٹ کی بہتری ہے۔

نئی کرکٹ مینجمنٹ کو درپیش چیلنجز

سابق چیئرمین نے کہا کہ میں نئی مینجمنٹ ٹیم کو بتانا چاہوں گا کہ پی ایس ایل کو پاکستان لانا ایک چیلنج ہے، انٹرنیشنل کمپنی سے پی ایس ایل کی ایویلیوشن کرائی ہے اور جو ویلیو آئی ہے اس کے لیے پاکستان میں 8 تا 12 میچز ہونا ضروری ہیں، اس ضمن میں نیشنل اسٹیڈیم تیار کرنا ہے چاہوں گا کہ اگلی ٹیم مینجمنٹ اس طرف ضرور توجہ دے۔

یقین ہے بھارت کے خلاف مقدمہ ضرور جیتیں گے

میچ فکسنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ کرپشن کے خلاف بھرپور کام کررہا ہے اس میں کوئی کمی آئی تو پی ایس ایل پر داغ لگنے سے بہت نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بی سی سی آئی پر کرکٹ کھیلنے کے معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کا مقدمہ دائر کیا ہوا ہے میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے ضرور آؤں گا اور یقین ہے کہ ہم یہ مقدمہ جیتیں گے۔

امید ہے نئی مینجمنٹ کرکٹ میں بہتری لائے گی

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ساؤتھ افریقا سے کرکٹ کھیلنی ہے اس کے بعد پی ایس ایل اور پھر ورلڈ کپ کی تیاری ہے امید ہے نئی مینجمنٹ اس طرف توجہ دے کر کرکٹ میں بہتری لائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد خبریں گردش میں تھیں کہ نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا جب کہ نجم سیٹھی اس حوالے سے خاموش تھے تاہم اب وزیر اعظم عمران خان کے عہدہ سنبھالنے اور پی سی بی کے پیٹرن ان چیف بننے کے بعد انہوں نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔