زہریلی شراب بیچنے والوں کی عدم گرفتاری شہریوں کا مظاہرہ

مشتعل مکینوں نے ملزمان کے گھروں کا تمام سامان لوٹ لیا، حتیٰ کہ گھروں کے دروازے بھی اکھاڑ کر لے گئے۔


Numainda Express August 15, 2012
6 افراد کی ہلاکت پر مشتعل افراد نے ملزمان کے گھر لوٹ لیے، دروازے تک اکھاڑ لے گئے. فوٹو فائل

ہوسڑی کے قریب زہریلی شراپ پینے کے نتیجے میں 6 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف علاقہ مکینوں نے حیدآباد ٹنڈو محمد خان روڈ احتجاجاً بلاک کر دیا، جس کے نتیجے میں3گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی، علاقہ مکینوں نے ملزمان کے گھروں کا تمام سامان بھی لوٹ لیا۔

نیو اصغر آباد کالونی کے مکینوں نے مقدمے میں نامزد 4 ملزمان بھائیوں کی موجودگی کی اطلاع دینے کے باوجود ہوسڑی پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار نہ کرنے کے خلاف حیدرآباد ٹنڈو محمد خان روڈ پر احتجاج کیا۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں شامل تھی جو کہ شاہراہ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے، مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائر جلانے کے علاوہ رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک معطل کر دی۔ مظاہرین نے پولیس کیخلاف نعرے لگائے۔

2 گھنٹے بعد ایس ایچ او ہوسڑی وہاں پہنچے اور مظاہرین کو بہلا پھسلا کر احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد ایس ایچ او نے مظاہرین کو مطمئن کرنے کیلیے فوری طور پر ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے اور مقدمے میں نامزد ملزمان کی والدہ پالو، ملزم بچو کی بیوی چمپا اور دوسرے ملزم پپو کی بیوی جولی کو تھانے منتقل کر دیا۔ دوسری جانب علاقے کے مشتعل مکینوں نے ملزمان کے گھروں کا تمام سامان لوٹ لیا، حتیٰ کہ گھروں کے دروازے بھی اکھاڑ کر لے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں