فوجی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھارت کو جنگی سازوسامان کی فہرست پیش کردی کرزئی

فہرست میں 105 ایم ایم آرٹلری، جہاز، پل بنانے کا سازو سامان اور فوجی ٹرک شامل ہیں، رپورٹ

من موہن سنگھ سے ملاقات میں جنگی سازوسامان کی فہرست پیش کی اب یہ بھارت پر منحصر ہے کہ وہ ہماری کس حد تک مدد کرتا ہے، افغان صدر فوٹو: اے ایف پی

افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے دوران افغان فوج کی ضروریات پوری کرنے کے لئے جنگی سازوسامان کی فہرست پیش کردی ہے۔


بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں میڈيا سے بات کرتے ہوئے حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے دوران افغان کی افواج کو ضرورت پوری کرنے کے لئے جنگی سازوسامان کی فہرست پیش کی ہے اوراب یہ بھارت پر منحصر ہے کہ وہ کس حد تک ہماری مدد کرتا ہے۔ حامد کرزئی نے میڈیا سے بات کےدوران سازو سامان کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق افغانستان کی جانب سے بھارت کو پیش کی جانے والی فہرست میں 105 ایم ایم آرٹلری، جہاز، پل بنانے کا سازو سامان اور فوجی ٹرک شامل ہیں۔

دوسری جانب صدر کرزئی کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تفصیلات کو سامنے نہیں لائیں گے، قبل ازیں ایک بھارتی حکومتی اہلکار نے بھی تفصیلات بتائے بغیر انکشاف کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے افغانستان کو پہلے بھی فوجی امداد دی جا چکی ہے۔
Load Next Story